گولڈ کوسٹ:میریکوم نے پہلا گولڈمیڈل جیتا

گولڈ کوسٹ/ ہندستان کی اسٹار خاتون مکے باز ایم سی میریکوم نے عالمی ، ایشیا اور اولمپک تمغوں کے بعد اب اپنے کیریئر میں پہلے دولت مشترکہ طلائی تمغہ کی کمی کو 21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں ہفتہ کو مکمل کر لیا۔میریکوم کے طلائی کے علاوہ گورو سولنکی نے بھی 52کلو گرام میں طلائی تمغہ جیت لیا جبکہ امت کو 46۔49کلوگرام اور منیش کوشک 60کو چاندی کا تمغہ ملا۔ ہندوستان نے کل باکسنگ میں تین کانسی جیتے تھے ۔21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں کل میریکوم نے اپنے 45۔48کلوگرام وزن کلاس کے طلائی تمغہ مقابلے میں آئر لینڈ کی کرسٹینا او ہارا کو یکطرفہ مقابلے میں 5۔0 سے شکست دی۔ انہوں نے ججوں کی متفقہ طور پر اپنی باؤٹ کو جیت لیا۔گورو نے شمالی آئر لینڈ کے برینڈن ارون کو 4۔1سے شکست دی۔ اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی میریکوم نے دولت مشترکہ کھیلوں میں پہلی بار اپنا کیریئر شرو ع کیا ہے ۔ انہوں نے یہاں بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منواتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ پانچ بار کی عالمی چمپئن، ایشیا چمپئن اور 2012کے لندن اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ ان کے پاس دولت مشترکہ کھیلوں کا کوئی تمغہ نہیں تھا ۔ اس کمی کو انہوں نے اس بار سونے کا تمغہ جیت کر پورا کردیا۔ممبر پارلیمنٹ اور تین بچوں کی ماں میریکوم نے ہندوستان کو گولڈ کوسٹ کھیلوں کا 18 واں سونے کا تمغہ دلایا ہے ۔ انہوں نے جیت کے بعد اپنے کوچ کے کندھے پر بیٹھ کر جیت کا جشن منایا اور یہ تمغہ اپنے بچوں کے نام کیا۔35سالہ میریکوم کے لئے اس عمر میں یہ تمغہ حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے ۔
سنجیو کو 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن میں گولڈ میڈل
 ہندوستان کے سنجیو راجپوت نے کل21ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے آخری دن نشانے بازی میں مردوں کے 50میٹر رائفل تھری پوزیشن مقابلہ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔سنجیو نے دولت مشترکہ کھیلوں میں کل 454.5کا ریکارڈ اسکوربنایا اور سرفہرست رہتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا جو دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی شوٹر کا تیسرا تمغہ ہے ۔ قبل ازیں انہوں نے 2014گلاسگو کھیلوں میں چاندی اور 2006میں 50میٹر رائفل پرون میں کانسہ کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اسی مقابلے میں دیگر ہندوستانی کھلاڑی چین سنگھ 419.1کے اسکور کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے ۔سنجیو نے فائنل سے قبل کوالیفائی میں بھی مجموعی 1180پوائنٹس کے ساتھ گیمس ریکارڈ بنایا اور ابتدائ سے تمغہ کے مضبوط دعویدار رہے ۔ کناڈا کے گریگور سیک نے 448.4بناکر چاندی کا تمغہ جیتا جو ہندوستانی شوٹر سے سات پوائنٹس پیچھے رہے ۔
 نیرج نے جیتا تاریخی طلائی تمغہ
 ہندوستان کے نیرج چوپڑا نے ہفتہ کو 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے 86.47 میٹر تک بھالا پھینک کر طلائی تمغہ حاصل کرلیا ۔ وہ اس مقابلے میں دولت مشترکہ کھیلوں کا طلائی تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔نیرج کا یہ تمغہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندستان کا محض چوتھا تمغہ ہے ۔ اس سے قبل ملکھا سنگھ نے 1958، کرشنا پونیا نے 2010 اور وکاس گوڑا ن ے 2014 میں گولڈ میڈل جیتے تھے ۔ جیولن تھرو مقابلے میں ہندستان کا یہ پہلا طلائی تمغہ ہے ۔ ہندستانی ایتھلیٹ نے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اور چھ کوششوں میں ان کی پہلی کوشش ہی 85.50 میٹر رہی نیرج کی دوسری کوشش ناکام رہی لیکن تیسری کوشش میں انہوں نے 84.78، چوتھی میں 86.47 اور پانچویں کوشش میں 83.48 میٹر کی دوری طے کی۔ ان کی چھٹی کوشش بھی ناکام رہی لیکن چوتھی کوشش میں ان کی 86.47 میٹر کی کارکردگی نے طلائی تمغہ پکا کر دیا ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں