پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی حرمت کو پامال کیا: ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل بی ایس ایف

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ بارڈر سیکورٹی فورس ﴿بی ایس ایف﴾ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ﴿اے ڈی جی﴾ جموں فرنٹیئرکمل ناتھ چوبے نے کہا کہ پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی حرمت کو پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار الرٹ ہیں اور سرحدوں کی حفاظت کو لیکر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اے ڈی جی بی ایس ایف نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی گولہ باری سے جاں بحق ہوئے چار بی ایس ایف اہلکاروں کی نعشوں پر پھول مالائیں چڑھانے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’سیز فائر ہمیشہ دوطرفہ فیصلہ ہوتا ہے۔ ہمارے سیکٹر ڈی آئی جی کی حال ہی میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے میٹنگ ہوئی۔ وہاں یہ فیصلہ ہوا کہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہم نے سیز فائر معاہدے کی حرمت برقرار رکھی ہے۔ لیکن پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی حرمت کو پامال کیا ہے‘۔ انہوں نے کہا ’یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ سیز فائر معاہدے کے حوالے سے لئے گئے فیصلوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔ ہم نے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے لئے گئے فیصلے کا احترام کیا ہے۔ دغابازی کا جواب دینا اب ہمارا کام ہے‘۔ کمل ناتھ چوبے نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات بی ایس ایف اہلکار الرٹ ہیں۔ انہوں نے کہا ’ہم ہمیشہ تیار ہیں۔ سرحدوں کی حفاظت کو لیکر ہم کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ‘۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں