نواز شریف کی پیرول پر رہائی میں توسیع کا فیصلہ

لاہور/ حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق پنجاب حکومت نے نوازشریف،مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں مزید 3دن کا اضافہ منظور کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے منگل کی رات کو نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ابتدائی طور پر 12گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جمعرات کو سوا بارہ بجے لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں ادا کی جائے گی اور اس کے بعد ان کا جسد خاکی جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئر پورٹ لایا جائے گا۔ بدھ کی صبح پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اپنی بھابی کلثوم نواز کی میت لینے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ پیرول پر رہائی کے بعد تینوں مجرمان اڈیالہ جیل سے شہباز شریف کے ہمراہ نور خان ائیر بیس پہنچے جہاں سے وہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچے۔ شہباز شریف نے ہوم سیکریٹری سے ان تینوں مجرمان کو پانچ دنوں کے لیے رہا کرنے کی درخواست کی تھی تاہم انہیں ابتدائی طور پر 12گھنٹوں کے لیے ہی رہا کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں