پنچایتی راج کا تصور نیشنل کانفرنس کی دین : ڈاکٹر کمال

سرینگر/ نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے پنچایت راج نیشنل کانفرنس کی ہی دین ہے اور ہمارے قائد شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے اُس وقت ریاست میں اس نظام کی بنیاد ڈالی جب برصغیر میں اس کا کہیں تصور بھی نہیں تھا۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بھاجپاکے اُن الزامات کو یکسر مسترد کیا جس میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس نے کبھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ ہی عوام کو طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔
 اور یہ جماعت آج بھی عوام خدمت کی اُسی راہ پر گامزن ہے جو شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ نے مرتب کی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے نیشنل کانفرنس نے جو تاریخی اور انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں ہمیں اُس کیلئے کسی کی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ موجودہ بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات سے دوری کا فیصلہ صرف اور صرف 35اے کے دفاع کیلئے کیا ہے اور پارٹی اُس وقت تک کسی بھی الیکشن عمل کا حصہ نہیں بنے گی جب تک نہ اس دفعہ کے سلسلے میں مرکزی حکومت اپنا موقف واضح کرے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں