وادی میںشدید سردی کی لہر جاری شبانہ درجہ حرارت منفی 3.2ڈگری سیلسیس ریکارڈ

سرینگر/سی این آئی/ سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت بھی نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے گر گیا اور اتوراور سوموار کی شب رواں موسم کی سب سے سرد ترین رات کے طور پر ریکارڈ کی گئی۔ سرینگر میں بھی درجہ حرارت کے گرنے کی وجہ سے موسم کی انتہائی سرد رات کو ریکارڈ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر منفی 3اعشاریہ 2 ڈگری کادرجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ وادی کے دیگر علاقوں میں بھی سرد لہر جاری ہے۔خطہ لداخ کا لیہہ بدستور ریاست کی سرد ترین جگہ بنی ہوئی ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 اعشاریہ ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ قصبہ کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم سری نگر سمیت وادی کے تمام علاقوں میں دوپہر ایک بجے سے اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اعشاریہ 5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اس دوران سری نگر میں بدھ کی صبح شدید دھند چھائی رہی جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔ شدید دھند کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی اور بیشتر گاڑیاں کچھوے کی رفتار سے چلتی ہوئی نظر آئیں۔ سری نگر کی اکثر سڑکوں پر گاڑیاں ہیڈلائٹ جلا کر سفر طے کرتی ہوئی نظر آئیں۔تاہم سری نگر کے مقابلے میں اس کے مضافاتی علاقوں اور اضلاع کی صورتحال بالکل مختلف نظر آئی۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریاست میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا، جس کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراؤٹ درج کی جاسکتی ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں