ریشم صنعت سے وابستہ جموں کشمیرکے چار افراد کو سمرتی ارانی نے قومی ایوارڈعطا کئے

نئی دہلی/ٹیکسٹائیلز کی مرکزی وزیر سمرتی زبین ارانی نے ریاست جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے غنچہ ابریشم پیدا کرنے والے تین افراد اور ایک ریلر کو بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے قومی ایوارڈ سے نوازا۔انہوںنے یہ ایوارڈ متعلقین کو وگیان بھون میں ایک تقریب کے دوران عطا کئے ۔ اس موقعہ پر وزیر خارجہ سشما سوراج بھی موجود تھیں ۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں اوڑی کے راج محمد گجی ، براری آنگن اننت ناگ کی راشیدہ بانو اور ٹھنڈا پانی راجوری کے رتن لال شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں وانبل سرینگر کے ماجد حیات باون کو بھی ریلنگ کے سیکٹر میں ایوارڈ عطا کیا گیا ۔ ریشم کے کیڑے پالنے اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے تین افراد کو ایوارڈ دئیے گئے اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ان لوگوں نے تمام تر مشکلات اور چیلنجوں کے باوجود اس شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ مرکزی وزیر سمرتی ارانی نے ایوارڈ پانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نجی کارخانہ داروں نے محنت اور مشقت کے ساتھ کام کر کے ریشم صنعت کو آگے بڑھانے کیلئے ایک اہم رول ادا کیا ۔ ڈائریکٹر سیریکلچر گلزار احمد . شبنم بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ انہوں نے ایوارڈ پانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ریاست میں سیریکلچر سیکٹر کو آگے لے جانے میں کافی مدد گار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیریکلچر محکمہ اس سیکٹر میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کیلئے ریاستی سطح کا ایک ایوارڈ قایم کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اس صنعت کو جدت بخشنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گا ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں