صدر کے مواخذے کے حق میں نہیں: نینسی پیلوسی

سرینگر/ مانٹرنگ/ امریکہ کے ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ اسپیکر نینسی پیلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے مطالبات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے امریکہ پر بہت اثرات پڑیں گے۔ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں اسپیکر پیلوسی کا کہنا تھا کہ صدر کا مواخذہ اسی صورت میں ہونا چاہیے جب اس کی بہت زیادہ وجوہات موجود ہوں اور جن پر دونوں جماعتیں ۔ ری پبلکن اور ڈیموکریٹ ۔ متفق ہوں۔ پیر کو شائع ہونے والے انٹرویو میں ڈیموکریٹ رہنما نے کہا ہے کہ وہ صدر کے مواخذے کی حامی نہیں کیوں کہ ان کے بقول ایسا کرنا ملک کو تقسیم کی طرف لے جاتا ہے۔ تاہم صدر کے مواخذے کے امکان کی مخالفت کے باوجود نینسی پیلوسی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی صدارت کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ اخلاقی اور ذہنی طور پر امریکہ کے صدر کی ذمہ داریاں انجام دینے کے قابل نہیں ہیں۔ امریکہ میں کئی حلقے دو سال قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ان کے مواخذے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ سال نومبر میں وسط مدتی انتخابات کے نتیجے میں ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ اس کامیابی کے بعد سے پارٹی کے اندر اور باہر سے بائیں بازو کے اور لبرل حلقے مسلسل ڈیموکریٹس کی قیادت پر مواخذے کی کارروائی شروع کرنے کے لیے دباو? ڈال رہے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں