خاتون اور بچوں کو یرغمال بناکر سنسنی خیزلوٹ - دہلی پولیس نے پانچ ملزمین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

نئی دہلی،14دسمبر(یواین آئی) دہلی پولیس نے جنوبی دہلی کے پاش علاقے کی ایک کوٹھی میں خاتون اور بچوں کو یرغمال بناکر سنسنی خیز لوٹ کی واردات کا انکشاف کرکے اس میں شامل پانچ ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ جنوبی دہلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر اتول ٹھاکر نے پیر کو بتایا کہ نو دسمبر کی شام قریب ساڑھے چار بجے علاقے میں رہنے والی ایک خاتون نے دہلی پولیس کو شکایت دی کہ چھ سے سات لوگ ان کی کوٹھی کے اندر زبردستی داخل ہوئے ۔ اس میں پہلے ایک لڑکا کوریئر بوائے بن کر آیا تھا۔ خاتون نے شکایت میں کہا کہ گھر کا دروازہ کھولتے ہی باقی بدمعاش گھر کے اندر داخل ہوئے اور خاتون کے ساتھ اس کے بچوں کو پستول کی نوک پر یرغمال بنایا اور گھر میں رکھے چار لاکھ روپے نقد ،چار سونے کی چین ،ایک گولڈ ڈائمنڈ بریسلیٹ،قریب ڈھائی کلو چاندی کے زیورات سمیت دیگرسامان لوٹ کر فرار ہوگئے ۔فرار ہوتے وقت بدمعاش کوٹھی میں لگے سی سی ٹی وی کا ڈی وی آر بھی لے کر چلے گئے ۔انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں نیب سرائے تھانے میں پولیس نے معاملہ درج کیا اور جانچ شروع کردی۔ اس کے لئے کئی ٹیمیں بنائی گئیں۔ آس پاس کے سی سی ٹی وی کھنگالنے پر پولیس ٹیم کو لیڈ ملی جس میں پتہ چلا کہ دو پلسر بائک پر اور ایک اسکوٹی پر سوار بدمعاش آئے تھے اور واردات کو انجام دیتے کے ارادے سے نکلے تھے ۔ جانچ میں پتہ چلا کہ بائک کا نمبر فرضی تھا۔ پہچان چھپانے کے لئے بدمعاشوں نے ہیلمیٹ پہن رکھے تھے ۔ بدمعاشوں نے ہاتھ میں گلوس اور ماسک لگائے تھے تاکہ پولیس ٹیم کو ان کی پہچان نہ ہوپائے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیس ٹیم نے موقع واردات سے ملے سی سی ٹی وی کے سراغ کو آگے بڑھایا اور اس روٹ کے تمام سی سی ٹی وی کھنگالتے ہوئے آگے بڑھتی گئی تو پتہ چلا کہ بدمعاش ذاکر نگر علاقے میں پہنچے تھے ۔ لمبی جانچ کے بعد پولیس ٹیم نے ارمان خان کو گرفتار کیا جس پر پہلے ہی کئی معاملے درج ہیں۔ارمان سے پوچھ تاچھ کے بعد دیگر ملزمین کو گرفتار کیاگیا۔ پولیس نے ملزمین کے پاس سے دو پستول ،ایک چوری کی موٹرسائکل ،دو اسکوٹی،45 ہزارروپے اور لوٹے گئے زیورات برآمد کئے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں