ماہ ستمبر سے بچوں کی کورونا ٹیکہ کاری مہم شروع ہونے کاامکان

 ہنگامی استعمال کی منظوری کے بعد کورونا ٹیکہ بچوں کےلئے دستیاب ہو جائے گا: ڈاکٹر رندیپ گلیریا



آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزAIIMSکے سربراہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے سنیچر کے روز اسبات کااشارہ دیاکہ بھارت میں بچوں کیلئے کورونا ٹیکہ کاری مہم ماہ ستمبرسے شروع ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ ہندوستان میں بچوں پر کورونا ویکسین کی آزمائش چل رہی ہے اور اُمید ہے کہ ہنگامی استعمال کی منظوری کے بعد ستمبر سے کورونا ٹیکہ بچوں کےلئے دستیاب ہو جائے گا۔مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے سربراہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ میرے خیال میں زائڈس کیڈیلا نے آزمائشیں پوری کر لی ہے اور ہم ہنگامی استعمال کےلئے منظوری کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت بائیوٹیک کی کوویکسین کا بچوں پر ٹرائل بھی اگست یا ستمبر تک مکمل ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف فائزر کی ویکسین کو امریکی ریگولیٹر سے ہنگامی منظوری حاصل ہو گئی ہے۔ لہذا ہم اُمید کرتے ہیں کہ ہم ستمبر تک بچوں کو ٹیکہ لگانے کی مہم میں کامیابی حاصل کر لیں گے۔AIIMSکے سربراہ ڈاکٹر رندیپ گلیریا نے کہا کہ ہمیں بچوں کے لئے اپنی ویکسین کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت بائیوٹیک اور زائڈس کیڈیلا کی ویکسین انتہائی اہم ہے۔ فائزر کی ویکسین بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے لیکن آبادی بہت زیادہ ہونے کے سبب ہمیں اپنی ویکسین کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں ہم امید کرتے ہیں کہ ستمبر تک ہمارے ملک میں بچوں کے لئے ایک سے زیادہ ویکسین دستیاب ہو جائیں گی۔خیال رہے ہندوستان میں اب تک 42 کروڑ سے زیادہ بالغ مردوزن کو کورونا کی کم از کم ایک خوراک دی جا چکی ہے۔ حالانکہ تاحال ملک کی قریب 6 فیصد آبادی کو ہی کورونا کی ویکسین دی جا سکی ہے۔ اس سال کے آخر تک حکومت نے تمام بالغوں کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا لیکن اس کےلئے ہر روز تقریباً ایک کروڑ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنا ضروری ہیں۔ جبکہ فی الحال ہر روز 40 سے 50 لاکھ کے درمیان ہی کورونا کی خوراکیں فراہم ہو رہی ہیں۔مرکزی حکومت کا مقصد ہے کہ 2021 کے آخر تک18 سال سے زیادہ عمر کے تمام شہریوں کو کورونا ویکسین کی ایک خوراک دے دی جائے۔ متعدد ممالک نے تیسری لہر کے خطرے کے پیش نظر بچوں کی ویکسین کو منظوری فراہم کر دی ہے، تاہم ہندوستان میں ابھی تک بچوں کے لئے کوئی ویکسین منظور نہیں کی گئی ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں