کشمیر پر سیاسی عمل وقت کی اہم ضرورت :محبوبہ مفتی- ریاست کے متعلقین کو مذاکراتی عمل میں شامل ہونے کیلئے آگے آنا چاہئے

سرینگر/ کے این ایس /ریاست کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ کشمیر میں سیاسی عمل شروع کرنے کیلئے موجودہ وقت انتہائی موزون ہے اور امید ظاہر کی کہ کشمیر کے تمام متعلقین مذاکراتی عمل میں شامل ہونے کیلئے اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے۔سرینگر میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مذاکرات کیلئے جو شروعات کی ہیں اس پر میں خوش ہوں اور یہ مذاکرات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی صورت حال بہتر نہیں ہے اور عوام تشدد سے تنگ آچکے ہیں اسلئے مذاکراتی عمل کیلئے یہ موزون وقت ہے۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت کی طرف سے کشمیر پر بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے /جاری صفحہ نمبر ۱۱پر
کے سلسلے میں مذاکرات کار کی تعیناتی کا خیرمقدم کیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ کے اس سلسلے میں اعلان کے رد عمل میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ سے ہی یہ کہا ہے کہ اگر ریاست جموں وکشمیر کو غیر یقینیت، ترش ماحول اور تشدد سے باہر نکالنا ہے تو تمام متعلقین کے ساتھ بات چیت کا راستہ اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے لوگ کئی دہائیوں سے غیر یقینیت کے شکار رہے ہیں اور سیاسی عمل میں ایک قدم آگے بڑھانے سے ان کے زخموں پر مرہم لگایا جاسکتا ہے۔مرکز کے اس قدم کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ پُر اُمید تھیں کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اتنا بڑا قدم ریاست کے لوگوں کے اعتماد کو بحال کرنے اور ان کے مشکل حالات کو پُر امن طریقے سے آسان بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ آج کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کے اُس اعلان کے عین مطابق ہے جو انہوں نے اس سال15 اگست کو کیا تھا جس میں انہوں نے ریاست کے لوگوں تک پہنچنے کے لئے بات چیت کے عمل کو ہی واحد راستہ قرار دیا تھا۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی اُمید ظاہر کی کہ ریاست کے تمام شراکت دار اس موقعہ کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے جموں وکشمیر کو غیر یقینیت سے باہر نکالنے میں تعاون دیں گے اور بات چیت کے عمل میں مثبت طریقے پر حصہ لیتے ہوئے اس عمل کو کامیابی کی منزل تک پہنچائیں گے۔محبوبہ مفتی نے اپنی حکومت کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت بات چیت، مفاہمت اور ریاست کے لوگوں تک پہنچ کر اُن کے دِل جیتنے کا عمل جاری رکھے گی اور ان کے زخموں کی مرہم کاری کے تمام اقدامات اُٹھائے گی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں