ترقی کیلئے عدم تشدد اور باہمی بات چیت ضروری:وینکیا نائیڈو

نئی دہلی/یو این آئی/ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے معاشرے میں امن اور ہم آہنگی قائم کرنے کیلئے باہمی مذاکرات اور عدم تشدد پر زور دیتے ہوئے کل کہا کہ ان اقدار کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔مسٹر نائیڈو نے یہاں ’اہنسا وشو بھارتی ‘کے 12 ویں یوم تاسیس کے موقع دارالحکومت کے وگیان بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں یہ اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم عدم تشدد کا اہتمام اسی لئے اتنا اہم ہے کہ عدم تشدد کے فقدان سے معاشرے میں امن اور ہم آہنگی نہیں ہے ۔ ترقی کے لئے معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کا ماحول ضروری ہے ۔ اس موقع پر، اہنسا وشو بھارتی کے بانی ڈاکٹر لوکیش منی ، انڈیا ٹی وی کے سربراہ رجت شرما اور سینئر سٹیزن کیسری کلب کی چیئر پرسن کرن چوپڑا بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ عدم تشدد کا دن اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ تشدد سے کسی مسئلہ کا حل نہیں ہوتا ہے ۔ تشدد سے تشدد بڑھتا ہے ۔ ہر مسئلہ کو بات چیت، مذاکرات اور عدم تشدد کے نظریے سے حل کیا جا سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے پچھلے دنوں اعلان کیا ہے کہ کشمیر میں امن و شانتی کے لئے بات چیت کا وسیلہ اختیار کیا جائے گا۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ملک میں مہاویرا اور مہاتما بودھ جیسے عظیم ہستیوں نے عدم تشدد پر بہت زور دیا ہے ۔ مہاتما گاندھی نے ہندوستان کو عدم تشدد کے ہتھیار سے ہی آزاد کرایا تھا۔ عدم تشدد کا مطلب بزدلی نہیں ہے ۔ عدم تشدد ہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر ایک صحت مند معاشرہ پیدا کیا جاسکتا ہے ۔ اس راستے سے ہی عالمی امن اور فلاح و بہبود ممکن ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں