محبوب العالم حضرت مخدوم (رح) صاحب کی دینی، تبلیغی اور اصلاحی خدمات میرواعظ نے خراج عقیدت اد اکیا

سرینگر/متحدہ مجلس علمائ کے امیر و حریت چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل، مصلح اور روحانی پیشوا حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم صاحب(رح) کے عرس پاک کے موقعہ پر حضرت مخدوم(رح) کی گراں قدر دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حضرت موصوف کو وادی کشمیر کاایک بلند پایہ ولی کامل ،خدا رسیدہ درویش اور عظیم مصلح قرار دیا ۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت مخدوم کشمیری (رح) نے پوری زندگی اسلامیان کشمیر کی ظاہری و باطنی اصلاح، تعلیم و تربیت اور تزکیہ نفس میں صرف کرکے ہمارے وطن میںایک روحانی انقلاب برپا کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ کشمیری (رح)نے اپنے مبارک دور میںاسلامی تعلیمات ، انسانیت ،شرافت ،اخلاق اور خدا دوستی اور انسانی ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے اور ایک صالح معاشرہ کے قیام میں کلیدی اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ایک طویل زمانہ گذر جانے کے باجود حضرت مخدوم علیہ رحمہ کی خدمات جلیلہ اور روشن کارناموں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکا ہے اور اسکی اہمیت وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ روز بہ روز پائیدار، مستحکم اور مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔میرواعظ نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت مخدوم علیہ رحمہ کی تعلیمات،سیرت، کردار و عمل اور ہدایات کو سامنے رکھ کر بزرگان دین کی خدا پرستی، انسان دوستی اور خدمت خلق کے پیغام کو عام کرنے کیلئے آج کے دن اپنے آپ کو وقف کرنے کا عزم کریں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں