برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ ،لینا سویٹولینا رواں سال کی اولین چیمپئن بن گئیں

برسبین،شینزن/آسٹریلیا میں ہونے والے برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل مقابلوں کے فیصلہ کن معرکے میں بیلاروس کی الیکسینڈرا ساسنووچ کو ٹھکانے لگا کر یوکرین کی ایلینا سویٹولینا رواں سال کی اولین چیمپئن بن گئیں،مینز سنگل فائنل میں ریان ہیریسن اور نک کیرگیوس مقابل ہوں گے ،شینزن اوپن کا ٹائٹل عالمی نمبر ایک پلیئر سیمونا ہالیپ کے نام رہا،قطر اوپن کی ٹرافی پر فرانس کے گیل مونفلس نے قبضہ کرلیا۔برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں عالمی نمبر چھ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا نے بیلاروس کی الیکسینڈرا ساسنووچ کو محض 66 منٹ میںمات دے کر کیریئر کا دسواں ٹائٹل جیت لیا تاہم نمبر تین سیڈ یوکرین کی پلیئر کا یہ کیریئر کے دوران اولین پریمیئر لیول اعزاز تھا جس نے انہیں رواں سال کی پہلی چیمپئن کا درجہ بھی دلا دیا۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل سیمی فائنل راؤنڈ میں نمبر تین سیڈ آسٹریلیا کے نک کیرگیوس نے ٹاپ سیڈ بلغارین حریف گریگور ڈیمٹروف کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جہاں ان کا مقابلہ امریکا کے ریان ہیریسن سے ہوگا جنہوں نے آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینار کو اس وقت مات دی جب پہلے سیٹ میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چین میں کھیلے گئے شینزن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رومانیہ کی عالمی نمبر ایک پلیئر سیمونا ہالیپ کا مقابلہ جمہوریہ چیک کی کیٹرینا سینیاکووا سے تھا جنہوں نے اپنی حریف کو پہلے سیٹ میں چھ،ایک سے زیر کیا اور پھر دوسرا سیٹ دو،چھ سے ہار گئیں لیکن مقابلہ برابر ہونے کے بعد سیمونا ہالیپ نے پلٹ کر وار کرتے ہوئے تیسرا سیٹ چھ ،صفر سے جیت کر ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔عالمی ٹینس کی40بہترین کھلاڑیوں میں شامل سیمونا ہالیپ اس ایونٹ میں موجود واحد پلیئر تھیں لہٰذا اس لحاظ سے ان کی کامیابی حیران کن نہیں رہی جن کو ایک ہفتے کے آرام کے بعد سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنا ہے۔ دوحہ میں کھیلے گئے قطر اوپن کے فائنل میں تین مرتبہ کے فائنلسٹ فرنچ کھلاڑی گیل مونفلس نے روس کے آندرے روبلیف کو مات دے کر ٹرافی جیت لی۔ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری اے ایس بی کلاسک ٹورنامنٹ کا فائنل ٹاپ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی اور نمبر دو سیڈ جرمنی کی جولیا جارجز کے درمیان ہوگا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں