جوہری معاہدے میں کوئی تبدیلی قابل قبول نہیں : ایران

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ایران نے کہا ہے کہ اسے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے میں کوئی بھی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی اتحادیوں کی جانب سے معاہدے کے ’خوفناک خامیوں‘ کو دور نہ کرنے پر آئندہ چند ماہ میں اسے ختم کرنے کا عندیہ دیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ’تہران معاہدے کو دیگر مسائل سے جوڑنے کی اجازت نہیں دے گا۔‘ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں کے حوالے سے نرمی کو اس کے طویل فاصلے کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرنے سے جوڑا جائے گا۔امریکی صدر نے جمعہ کے روز ایران پر جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کے بعد اٹھائی گئی اقتصادی پابندیوں کو دوبارہ لگانے کے فیصلے کو موخر کردیا تھا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ معاہدے میں ایران کو اگلی دہائی میں جدید نیوکلیئر سرگرمیوں کو بحال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق شقوں کو ختم کرنے کے لیے کام کریں گے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی عدلیہ کے سربراہ سمیت ایران، چین اور ملائیشیا کے 14 ایرانی سرکاری عہدیداران، کمپنیوں اور کاروباری افراد پر پابندیاں عائد کردی تھی، جس کے تحت ان افراد اور کمپنیوں کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد اور امریکی شہریوں کو ان سے مالی لین دین سے روک دیا گیا تھا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں