کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین پاکستانی شہری زخمی

سرینگر//(آفتاب ویب ڈیسک ) پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین پاکستانی شہری زخمی ہوگئے ہیں۔پاکستانی میڈیا کے مطابق پاک پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے بٹل، تتہ پانی اور کھوئی رٹہ سیکٹر وں میں بھارتی فوج نے ”بلا اشتعال اور بلا جواز“ فائرنگ اور گولہ باری کی ، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین پاکستانی شہری زخمی ہوگئے ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فوج نے 4فروری کو بھی بھارتی فوجیوں پر کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے ایک شہری کو ہلاک اور دو بچوں کو زخمی کرنے کا الزام عائد کیا۔دونوں ملکوں نے سال 2003میں کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کئے تھے لیکن اب گزشتہ کچھ مہینوں سے اس معاہدے کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج آئے دن کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحدوں پر ایک دوسرے کے علاقوں کو ہدف بناتے ہوئے فائرنگ اور گولہ باری کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے اور بلا اشتعال فائرنگ کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں۔
مزید دیکهے

متعلقہ خبریں