ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا سے ملاقات کے خطرات سے واقف ہیں: سی آئی اے سربراہ

واشنگٹن/ امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر خطرات کو سمجھتے ہیں۔ اتوار کو فاکس نیوز سے بات کرتے ہوئے مائک پومپیو نے کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ یہ تماشے کے لیے نہیں کر رہے، وہ وہاں مسلے کو حل کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔‘ امریکی صدر ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ 'شمالی کوریا کے ساتھ معاہدے پر کام جاری ہے، اور یہ مکمل ہو گیا تو دنیا کے لیے بہت اچھا ہو گا۔ وقت اور جگہ کا انتخاب بعد میں ہو گا۔' ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ مذاکرات اچھے نہ رہے تو یہ دونوں ممالک اس سے کہیں زیادہ خراب صورتحال میں ہوں گے جس میں ابھی ہیں۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی جانب سے ملاقات کی دعوت قبول کر لی ہے اور دونوں رہنما رواں سال مئی میں ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے کہا کہ شمالی کوریا کو سربراہی ملاقات سے قبل ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ ان سے ملاقات کا فیصلہ اپنی انتظامیہ کے اہم عہدے داروں سے مشاورت کیے بغیر کیا ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں