نکسلیوں کے حملہ میں 9جوان ہلاک،دو زخمی

سکما/13مارچ /چھتیس گڑھ کے سکما ضلع کے کرسٹارام تھانہ علاقہ میں آج نکسلیوں نے بارودی سرنگ کا دھماکہ کرکے اینٹی لینڈ مائن وھیکل کو اڑادیا ،جس میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس﴿سی آر پی ایف ﴾ کے 9جوان ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق سکماضلع ہیڈکوارٹر سے تقریبا 60کلومیٹر دور دوپہر کو نکسلیوں نے اس واقعہ کو انجام دیا ۔اس واقعہ کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ بھی ہوئی ۔بعد میں نکسلی گھنے جنگل میں بھاگ گئے ۔زخمیوں کو کرسٹارام میں ابتدائی علاج کے بعد ہیلی کاپٹر سے رائے پور بھیجا گیا ہے ۔نکسلی شہید جوانوں کے ہتھیاربھی لے گئے ۔ذرائع کے مطابق کرسٹارام تھانہ سے سی آرپی ایف کی 212ویں بٹالین کے جوان اینٹی لینڈمائن وھیکل میں سوارہوکر سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں کی سکیورٹی کے لئے پالودی گاؤں کی طرف جارہے تھے ۔جنگل میں گھات لگاکر بیٹھے نکسلیوں نے گاڑی کونشانہ بناکر بارودی سرنگ کا دھماکہ کردیا۔دھماکہ اتنا طاقت ورتھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑگئے اور اس میں سوار 8جوان موقع پر ہی شہید ہوگئے ۔ایک دیگر کی علاج کے دوران موت ہوگئی ۔دودیگر جوانوں کا علاج جاری ہے ۔دھماکہ کے بعد نکسلیوں نے فائرنگ شروع کردی ۔جواب میں موقع پر موجود دیگر جوانوں نے بھی مورچہ سنبھالا ۔کچھ دیر تک چلے تصادم کے بعد نکسلی بھاگ گئے ۔دریں اثنا جائے وقوع پر مزید کمک بھیجی گئی ہے ۔ بسترکے انسپکٹر جنرل آف پولیس ویویکا نند سنہا نے کہا کہ زخمی جوانوں کے بہترعلاج پر توجہ دی جارہی ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں