وادی میں عسکری واقعات کی گونج پارلیمنٹ میں سال 2018کے پہلے دو مہینوں میں 60عسکری کارروائیاں ہوئیں 15/ فورسز اہلکاراور 17جنگجو ہلاک ، 2عام شہری بھی ازجان ہوئےمرکزی وزیر مملکت برائے امورداخلہ نے تفصیلات بتائیں

نئی دہلی /امور داخلہ کے وزیر مملکت نے ایوان کو بتایا کہ سال 2018کے دو ماہ کے دوران 60عسکری واقعات رونما ہوئے جس دوران 15سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرکزی وزیر مملکت کے مطابق اس دوران سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 17جنگجوئوں کو مار گرایا گیا جبکہ دو عام شہری بھی جاں بحق ہوئے۔مرکزی وزیر کے مطابق رواں برس کے دو ماہ کے دوران پاکستان نے 633مرتبہ ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کی جس دوران 12عام شہری اور آٹھ فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ۔ لوک سبھا میں ممبروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے امور داخلہ کے وزیر مملکت ’’ہنس راج آہر ‘‘ نے کہاکہ رواں سال کے دوران 60عسکری واقعات رونما ہوئے جس دوران 17جنگجوئوں کو مار گرایا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ اس دوران 15سیکورٹی فورسز کے اہلکار عسکریت پسندوں کے حملوں میں جاں بحق ہوئے۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت کے مطابق رواں سال کے دوران دو عام شہری بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے بھارت کے خلاف درپرہ جنگ شروع کی ہے۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت کے مطابق ریاست جموںوکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں جنگجوئوں کو جدید اسلحہ کی تربیت دے کر اس طرف دھکیلنے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر کے مطابق دراندازی کی روکتھام کیلئے سرحدوں پر جدید آلات نصب کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ رواں سال کے جنوری مہینے کے دوران عسکریت پسندوں نے لائن آف کنٹرول اور حد متارکہ پر 16مرتبہ اس طرف آنے کی کوشش کی تاہم متحرک فورسز اہلکاروں نے عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بنایا۔ انہوںنے کہاکہ دراندازی کرنے والے چار عسکریت پسندوں کو فوج نے اس دوران مار گرایا ۔ امور داخلہ کے وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ رواں سال کے دوران پانچ دراندازی کی کوششیں کامیاب ہوئی ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت کے مطابق ریاست خاص کروادی کشمیر میں حالات کو معمول پر لانے کیلئے مرکز اور ریاستی حکومت کی جانب سے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پچھلے سال کے مقابلے میں رواں برس کے دوران حالات میں کافی سدھار دیکھنے کو ملا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت نے مزید کہاکہ کسی کو بھی ریاست کے حالات کو درہم برہم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جوکوئی بھی اس ضمن میں ملوث قرار پائے گا اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں امور داخلہ کے وزیر مملکت نے کہاکہ پاکستان نے رواں برس کے دو ماہ کے دوران 633مرتبہ ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارت کی چوکیوں کے ساتھ ساتھ رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ گولہ باری کی وجہ سے 12عام شہری ہلاک جبکہ 59زخمی ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ دو ماہ کے دوران گولہ باری کے نتیجے/جاری صفحہ نمبر ۱۱پر
 میں چار فوجی اہلکار ہلاک جبکہ 18مضروب ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی کنٹرول لائن پر ناجنگ معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث 4بارڈر سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں