بجٹ میں جو وعدے کئے گئے ، اُنہیں پورا کیا جائے گا: الطاف بخاری

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ تعلیم، خزانہ، محنت و روزگار کے ریاستی وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ محض ایک روز قبل خزانہ، محنت اور روزگار کے محکموں کا اضافی چارج سنبھالنے والے مسٹر بخاری نے بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کو اپنی ترجیحات کے بارے میں بتایا ’میری یہ ترجیح ہے کہ حالیہ بجٹ میں جو وعدے کئے گئے ہیں، میں ان کو پورا کروں۔ بجٹ میں جو روڑ میپ پیش کیا گیا ہے، اس کو لاگو کرنا میرا فرض ہے۔ میں سب لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اُس روڑ میپ کو لاگو کریں گے اور بجٹ میں اصلاحات ، ترقی اور الوکیشن کے حوالے سے جو وعدے کئے گئے ہیں، ان کو پورا کریں گے‘۔ مسٹر بخاری جو ریاست میں پی ڈی پی کے ایک سینئر اور بااثر لیڈر مانے جاتے ہیں، نے کہا کہ انہیں ریاستی وزیر اعلیٰ محترمہ مفتی کا بھرپور اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا ’کامیابیاں تب ہی ملتی ہیں جب آپ کو اپنے باس کا اعتماد حاصل ہو۔ مرحوم مفتی صاحب کا اعتماد حاصل تھا اور میں کامیاب ثابت ہوا ۔ محبوبہ جی نے مجھ پر بھروسہ کیا تو میں تعلیم کی وزارت کو صحیح ڈھنگ سے چلانے میں کامیاب ہوا۔ مجھے امید ہے کہ ان کا اعتماد برقرار رہے گا۔ لوگوں اور پارٹی کے ورکروں کا ساتھ برقرار رہے گا تو انشائ اللہ ہم کامیاب ہوجائیں گے۔ ہم نے اور ہماری سرکار نے لوگوں سے جو وعدے کئے ہیں، ہم ان کو پورا کریں گے‘۔ بتادیں کہ مسٹر بخاری کو منگل کے روز خزانہ ، محنت اور روزگار کے محکموں کا اضافی چارج دیا گیا ۔ ان تینوں محکموں کا قلمدان ڈاکٹر حسیب درابو کے پاس تھا۔ انہیں پیر کے روز محترمہ مفتی نے کشمیر سے متعلق ایک بیان کی وجہ سے اپنی کابینہ سے باہر کردیا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں