ڈونالڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر رہنے کے لائق نہیں

واشنگٹن/ امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے شخص ہیں جو اخلاقی طور پر امریکہ کے صدر رہنے کے قابل نہیں اور جو خواتین کو گوشت کا لوتھڑاسمجھتے ہیں۔ کومی گذشتہ سال صدر ٹرمپ کے ہاتھوں اپنے عہدے سے برطرف کیے جانے کے بعد پہلی بار انٹرویو دے رہے تھے۔ انھوں نے امریکی میڈیا اے بی سی نیوز کو بتایا کہ ٹرمپ ایسے شخص ہیں جن کے لیے سچائی کی بہت قدر و قیمت نہیں ہے۔ اس انٹرویو کے فورا بعد صدر ٹرمپ کا ردعمل بھی سامنے آیا۔ انہوںنے جیمز کومی پر ’بہت جھوٹ بولنے‘کا الزام لگایا۔ جیمز کومی نے اے بی سی کے 20/20 پروگرام میں کہا: کہ مجھے اس بات پر اعتبار نہیں ہے کہ وہ ذہنی طور پر نااہل ہیں یا وہ نسیان کے مرض کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ انہوںنے مزید کہا: کہ ہمارے صدر کو قابل احترام ہونا چاہیے اور ان اقدار کا حامل ہونا چاہیے جو ہمارے ملک کا خاصہ ہیں۔ اس میں سب سے اہم سچائی ہے۔ اور یہ صدر اس پر پورا نہیں اترتا۔ خیال رہے کہ یہ ان دونوں افراد کے درمیان پرانے جھگڑے میں نیا موڑ ہے جس میں جیمز کومی کی آنے والی خود نوشت 'اے ہائیر لایلٹی: ٹروتھ، لائیز اینڈ لیڈرشپ' ﴿اعلی سطحی وفاداری: سچ، جھوٹ اور قیادت﴾ کا بڑا کردار ہے۔ انٹرویو کے دوران جیمز کومی نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے وفاداروں سے گھرے رہتے ہیں۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کا کسی غنڈے کے سرغنہ سے موازنہ کیا جس کی انھوں نے نوجوانی کے زمانے میں تفتیش کی تھی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں