19مئی کو مودی کی آمد پر مزاحمتی قیادت کی جانب سے’’ لال چوک چلو ‘‘ کال

سرینگر //﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے مجوزہ دورہ ریاست کے خلاف 19مئی کو ’’لال چوک چلو‘‘ کی کال دی ہے۔مودی اسی روز ریاست کے دورے پر آرہے ہیں۔ اس سلسلے میں موصولہ بیان میں کہا گیا ہے ’متحدہ مزاحمتی قیادت مسٹر گیلانی، میرواعظ اور یاسین ملک نے حیدرپورہ میں منعقدہ ایک غیر معمولی نشست میں ریاست جموں کشمیر کی خون آشام سیاسی صورتحال پر تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حریت پسند عوام کے نام ایک دردمندانہ اپیل میں 19مئی بروز سنیچر ریاست کے تاریخی لالچوک کی طرف پیش قدمی کرکے اس روز بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ ریاست کے خلاف اپنا پُرامن احتجاج درج کریں‘۔ بیان میں کہا گیا کہ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے احتجاجی مظاہرہ کرنے کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس روز چونکہ وزیر اعظم ریاست کا دورہ کرکے بیرونی دنیا کے ساتھ ساتھ بھارت کے عوام کو بھی یہ تاثر دینے کی ناکام کوشش کریں گے کہ ریاست جموں کشمیر کے لوگ بھارت کے ساتھ خوشی خوشی اپنی زندگی گزاررہے ہیں، جبکہ زمینی صورتحال جہنم زار بنی ہوئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ’فوج نے پوری ریاست بالخصوص ضلع شوپیان، اننت ناگ، کولگام اور پلوامہ کے مضافاتی علاقہ جات کو میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے‘۔ علیحدگی پسند قیادت نے اس روز تمام کاروباری ادارے اور دفاتر کو مکمل طور بند رکھنے کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لالچوک کا رُخ کرنے کے دوران نوجوان رضاکارانہ خدمات انجام دیکر نظم وضبط کو ہر حال میں بنائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔ بیان میں کہا گیا’ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اجلاس میں تحریک حقِ خودارادیت کے حوالے سے آئندہ ایک ٹھوس لائحہ عمل تیار کئے جانے کے لیے ایک چھ رُکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو آنے والے ایام میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے ذمہ دار اداروں بشمول مرکزی وضلع سطح کی ٹریڈرس فیڈریشن، بار ایس سیشن، سول سوسائٹی، ایمپلائز یونین، ٹرانسپورٹ یونین، سٹوڈنٹس یونین، دانشور، صحافی، قلمکار حضرات کے علاوہ جملہ مذہبی انجمنوں کے سربراہوں اور سرکردہ اوقاف اداروں سے جامع اور وسیع البنیاد مشاورت کے بعد مزاحمتی قیادت کے سامنے اپنی تجاویز پیش کرے گی جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل کو قوم کے سامنے پیش کیا جائے گا‘۔ دریں اثنا مسٹر گیلانی،میرواعظ اور یاسین ملک نے مولوی محمد فارق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کی برسی کی مناسبت سے مورخہ 21مئی کو مکمل اور ہمہ گیر ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے، جبکہ اس روز جملہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرنے کے لیے عیدگاہ سری نگر میں ایک عظیم عوامی جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ریاست کے حریت پسند عوام سے اس اجتماع میں جوق درجوق شرکت فرمانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس روز مشترکہ مزاحمتی قائدین شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت ادا کرنے کے علاوہ رواں جدوجہد آزادی کو اپنے منطقی انجام تک لے جانے کے عہد کا اعادہ کریں گے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں