پاکستان سے بات چیت کا وقت ابھی نہیں آیا ہے کشمیر میں اگلا وزیراعلیٰ بی جے پی کا ہوگا : نائب وزیراعلیٰ

جموں/یو این آئی / نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا کہ ’کشمیر‘ پر پاکستان سے بات چیت کا وقت ابھی نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو بات چیت کی پیشکش نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ’پاکستان کے ساتھ بات چیت ہونی چاہیے لیکن پیشکش وہاں سے ہونی چاہیے‘۔ کویندر گپتا نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ’بات چیت کے لئے پاکستان ہاتھ بڑھائے گا۔ ہم نے دوستی/جاری صفحہ نمبر ۱۱پر
 کے بڑے ہاتھ بڑھائے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ابھی بات چیت کا وقت نہیں آیا ہے‘۔ کویندر گپتا نے کہا کہ بھارتی فوج سرحدوں پر پاکستان کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا ’ہماری فوج کی طرف سے پاکستان کو کرارا جواب دیا جارہا ہے‘۔ یہ پوچھے جانے پر کہ اطلاعات ہیں کہ پانچ جنگجوؤں کا ایک گروپ بین الاقوامی سرحد کے راستے سے دراندازی کرنے میں کامیاب ہوا ہے اور حکومت اس حوالے سے کیا کررہی ہے، مسٹر گپتا نے کہا ’یہ سارا کام ہماری سیکورٹی ایجنسیوں کا ہے۔ وہ کسی بھی آپریشن کو انجام دینے کی اہل ہیں‘۔نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کرناٹک اسمبلی انتخاب کے نتائج کو 2019 کے عام انتخابات کا ٹریلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت سپرپاور بننے کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں یکجاہوکر بھی وزیر اعظم مودی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا۔ حال ہی میں نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے والے کویندر گپتا نے منگل کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’مجھے لگتا ہے کہ یہ 2019 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہے۔ باقی یہ یقینی ہے کہ 2019 کے عام انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امیت شاہ کی قیادت میں بی جے پی جیت درج کرے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی جموں وکشمیر میں بھی اگلے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا ’اگلی بار جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ بی جے پی کا ہوگا۔ ہم اسی حکمت عملی کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں‘۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں