آئی پی ایل :پنجاب کیخلاف ہاری تو تین بار کی چمپئن ممبئی باہرہوجائے گی

ممبئی/ آئی پی ایل 11میں شاندار آغاز کرنے والی کنگز الیون پنجاب اپنے آخری چھ میں سے پانچ میچ گنواکر اپنے محفوظ تیسرے مقام سے کھسک کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور پلے آف میں پہنچنے کیلئے ابھی اس کے پاس بدھ کو ممبئی انڈینس کے خلاف میچ میں فتح کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں بچا ہے ۔ پنجاب کو گزشتہ میچ میں دہانے پر کھڑی وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں 10 وکٹ کی شرمناک شکست کھانی پڑی تھی جس کے بعد وہ تیسرے نمبر سے کھسک کر راست پانچویں مقام پر پہنچ گئی ہے ۔پنجاب نے اپنے گزشتہ چھ میں سے پانچ میچ گنوائے ہیں۔اس نے راجستھان، کولکتہ اور بنگلور کے ہاتھوں مسلسل تین میچ ہارنے کی ہیٹ ٹرک بھی لگا لی ہے اور اب ناک آؤٹ میں اس کے لئے باقی دونوں میچ جیتنا لازمی ہو گئے ہیں ۔روی چندرن اشون کی کپتانی والی پنجاب کی ٹیم 12 میچوں میں چھ جیت اور چھ ہار کے ساتھ 12 ہندسوں پر پانچویں نمبر پر ہے ۔اس کے لیے سیدھی ٹکر ابھی تیسرے نمبر کی کولکتہ اور چوتھے نمبر کی راجستھان سے ہے جن کے یکساں 12 میچوں میں 12 پوائنٹس ہیں۔وہیں ممبئی انڈینس 12 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے اور اگر روہت شرما کی کپتانی میں تین بار کی چمپئن یہ ٹیم اگلا میچ ہارتی ہے تو وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ممبئی کی ٹیم نے اس سال کافی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ میچ میں وہ اپنے گھریلو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھی راجستھان رائلس کے خلاف سات وکٹ سے میچ گنوا بیٹھی تھی۔آئی پی ایل کی سب سے زیادہ کامیاب ٹیم ممبئی تین بار کی چمپئن ہے لیکن موجودہ ورژن میں اس کے کھیل میں تسلسل اس کی ہار کی وجہ بنی۔اسٹار کھلاڑیوں سے لیس ٹیم راجستھان کے خلاف اپنے 168 رن کے تسلی بخش اسکور کا بھی دفاع نہیں کر سکی تھی۔وہیں پنجاب بھی گزشتہ مسلسل شکست کے بعد دباؤ میں ہے اور بنگلور کے خلاف ٹیم 88 رنز پر ہی جس طرح ڈھیر ہو گئی تھی اس کے بعد تو ٹیم اور بھی نفسیاتی دباؤ میں نظر آرہی ہے ۔ٹیم کے طوفانی بلے باز کرس گیل کا طوفان بھی اہم پڑاؤ پر ٹھنڈا دکھائی دے رہا ہے جنہوں نے گزشتہ چار میچوں میں 18، 21، 1 اور 8 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کے لئے ضروری موقعوں پر مسلسل فیل ہو رہے ہیں۔اچھی فارم میں چل رہے اوپنر لوکیش راہل پر ٹیم رنز کے لئے سب سے زیادہ منحصر ہے اور گزشتہ میچ میں ان کے 21 رن پر سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد کوئی دوسرا کھلاڑی اسکور نہیں کر سکا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں