ماہ رمضان کی آمد پر عوام کو وزیر اعلیٰ کی مبارکباد

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ ماہ رمضان کی آمد پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاستی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقدس اور متبرک مہینے میں اپنی عبادات کے دوران خداوند کریم کی خوشنودی حاصل کرنے ، گناہوں کی معافی طلب کرنے اور تشدد کے خاتمے کے لئے دعا کریں۔سرکاری ترجمان کے مطابق اپنے مبارکبادی کے پیغام میں وزیر اعلیٰ امید ظاہر کی کہ برکتوں سے پُر یہ مہینہ ریاست میں امن و امان اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے ۔انہوں نے دعا کی کہ ماہ ِصیام ریاست اور یہاں کے لوگوں کے لئے نجات کا باعث بنیں۔محبوبہ مفتی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس مہینے کے دوران پُر اثر طریقے پر عبادات میں محو رَہ کر قرب الٰہی حاصل کرنے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ سید الشہور ہے اوراس دوران ہمیں روزہ رکھنے اور نماز تراویح اداکرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں اور مستحقین کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کو خیرات دینے اور ہمدردی کا مہینہ قرار دیا۔ انہوں نے سماج کے ہر ایک طبقے سے اپیل کی کہ وہ اس بابرکت مہینے کے دوران دِل کھول کر فلاحی کاموں کے لئے معاونت کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ عظیم مہینہ ہمیں صبر و تحمل ، نظم و ضبط ، اخوت ، آپسی رواداری ، ہمدردی اور خود احتسابی کا درس دیتا ہے۔اپنی اپیل میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس مہینے کے دوران بیوائوں ، یتیموں ، ناداروں ، غربا، مساکین ،محتاجوں کی طرف بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیئے اور ان کی بھرپور معاونت کرنی چاہیے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں