شمالی کوریا کی ٹرمپ سے ملاقات ختم کرنے کی دھمکی

سیول/ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ نے اس پر جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کیلئے غیر ضروری طور پر دباؤ ڈالا تو وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ طے شدہ ملاقات کو منسوخ کرنے کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ اور شمالی کوریا کے صدر کم جونگ اْن کے درمیان اہم ملاقات 12 جون کو ہونی ہے۔ شمالی کوریا نے کہا تھا کہ وہ اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ تاہم شمالی کوریا بدھ کو جنوبی کوریا کی امریکی افواج کے ساتھ مشترکہ مشقوں پر ناراض ہے اور اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اْس نے جنوبی کوریا کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات بھی ملتوی کر دی تھی۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے ملک کے نائب وزیر خارجہ کم گیگوان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’اگر امریکہ نے ہمیں دیوار سے لگایا اور یکطرفہ طور پر جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کا کہا ہے تو ہمیں مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں رہے گی اور ہمیں یہ دوبارہ دیکھنا ہو گا کہ کیا ہم امریکہ اور جنوبی کوریا کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں گے۔‘ مزید کہا گیا کہ ایسا کرنے سے 12جون کو سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ مارچ میں امریکی صدر نے اپنے شمالی کوریائی ہم منصب کی دعوت ملاقات قبول کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ صدر ٹرمپ اور کم جانگ ان سے ملاقات کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور انھیں شمالی کوریا کے موقف میں کسی تبدیلی کا کوئی علم نہیں ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں