ٹرینوں کی تاخیر سے فی الحال نجات کی کوئی امید نہیں

نئی دہلی، 11جون﴿یو این آئی﴾ ریلوے کے وزیر پیوش گوئل نے سیکورٹی کے ساتھ خرچ کم کرنے اور سروس میں سدھار پر ریلوے کی توجہ مرکوز ہونے کی بات کہتے ہوئے آج اشارہ دیا کہ ٹرینوں کی آمدورفت بالخصوص شمالی ہندوستان میں ٹرینوں کی تاخیر سے چلنے کی پریشانی سے جلد نجات ملنے کی کوئی امید نہیں ہے ۔موجودہ حکومت کے دور میں وزارت ریل کی چار سالہ کارکردگی کی تفصیلات بتانے کے لئے منعقد پریس کانفرنس میں مسٹر گوئل نے کہا کہ ریلوے کی سب سے زیادہ توجہ اس وقت سیکورٹی پر ہے ۔ اس کے لئے ہر اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں اور کوشش ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ ٹرینوں کے کوچوں میں بھی لگائے جائیں۔ سیکورٹی میں اضافہ کے لئے ٹکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2013-14 میں 118ٹرین حادثات ہوئے تھے جن کی تعداد 2017-18میں گھٹ کر صرف73 رہ گئی ۔ٹرینوں کے تاخیر سے پہنچنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی سے متعلق کام کا بیک لاگ موجودہ حکومت کو وراثت میں ملا ہے اور اسے پورا کرنے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سیکورٹی فنڈ سے ریل لائنوں کی مرمت کا کام تیزی سے ہورہا ہے ۔ ٹرینوں کی آمدورفت وقت پر کرنے او رسگنل سسٹم کو سدھارنے کے لئے بھی ٹکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں