غزہ کے پر تشدد حالات کے لئے اسرائیل ذمہ دار، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد پاس

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطینیوں کی حمایت میں پیش کی جانے والی قرار دادر کو منظور کرتے ہوئے اسرائیل کو غزہ میں جاری پْرتشدد واقعات کا ذمہ دار ٹھہرادیا اور طاقت کے استعمال کو افسوس ناک قرار دے دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قرارداد پیش ہونے سے قبل امریکا نے مطالبہ کیا تھا کہ اس قرار داد میں اسرائیلی فورسز پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت شامل کی جائے تاہم اس امریکی درخواست کو مسترد کردیا گیا۔عرب ممالک کی جانب الجزائر اور ترکی نے اقوامِ متحدہ میں قرار داد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کیے جائیں۔اقوامِ متحدہ کی 193 ممبران پر مشتمل جنرل اسمبلی میں 120 ووٹ کی بھاری اکثریت کے ساتھ فلسطینیوں کے حق میں پیش کی جانے والی یہ قرارداد منظور ہوئی جبکہ 8 ووٹ اس قرار داد کی مخالفت میں آئے۔قا بل ذکر ہے کہ رواں برس مارچ میں شروع ہونے والے نئے مظاہروں میں اب تک سیکڑوں فلسطینی جاں بحق جبکہ بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران ایک بھی اسرائیلی زخمی نہیں ہوا۔اقوامِ متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے شکست خوردہ انداز میں اس قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے اسے یک طرفہ قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ عرب ممالک اپنے خطے میں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا چاہتے ہیں، اسی لیے یہ قرارداد پیش کی گئی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں