اب شمالی کوریا سے کوئی خطرہ نہیں : امریکی صدر کا دعویٰ

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا سے اب کوئی جوہری خطرہ نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یہ دعویٰ شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اَن سے سنگاپور میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے ایک روز بعد سامنے آیا، جس میں کچھ ضمانتیں دی گئی تھیں کہ پیانگ یانگ کب اور کیسے اپنے جوہری ہتھیار تلف کرے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ’میرے صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے کے مقابلے میں اب ہر کوئی خود کو زیادہ محفوظ سمجھ سکتا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’شمالی کوریا سے اب کوئی جوہری خطرہ نہیں ہے، کم جونگ ان سے ملاقات دلچسپ اور انتہائی مثبت تجربہ رہا، شمالی کوریا کے پاس مستقبل کے لیے بہت صلاحیت ہے۔‘دوسری جانب شمالی کوریا کا سرکاری میڈیا امریکی صدر سے کم جونگ ان کے فاتحانہ مذاکرات کا دعویٰ کر رہا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان یہ تاریخی ملاقات سنگاپور کے سیاحتی جزیرے سینٹوسا آئی لینڈ کے ایک ہوٹل میں ہوئی تھی۔مذاکرات کے آغاز میں ابتدائی طور پر دونوں سربراہان کے درمیان ایک علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں ان دونوں کے ہمراہ صرف ان کے ترجمان موجود تھے مذکورہ ملاقات 38 منٹ تک جاری رہی۔اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں بہت اچھا محسوس کررہا ہوں ہماری بات چیت اچھی رہے گی‘، ان کا مزید کہنا تھا ’میرے خیال میں یہ مذاکرات بہت زیادہ کامیاب رہیں گے اورمجھے کوئی شبہ نہیں کہ ہمارے تعلقات بہترین ہوجائیں گے۔‘

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں