فیض کی نظم’ہم دیکھیں گے‘ پر بھارت میں تنازع

سرینگر/ فیض کی نظم ’ہم دیکھیں گے‘ ان دنوں بھارت کے معروف ادارے فلم اینڈ ٹیلی ویڑن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا ﴿ایف ٹی آئی آئی﴾ میں تنازع کا باعث بنی ہوئی ہے۔ خبروں کے مطابق حکام نے ایف ٹی آئی آئی کی عمارت میں قائم ہوسٹل میں رہنے والے دو طالب علموں کو وہاں سے نکل جانے کا نوٹس دیا۔ انڈین میڈیا میں شائع خبر کے مطابق ان دونوں نے دیوار پر ’ہم دیکھیں گے‘لکھا تھا جسے حکام نے ’دھمکی آمیز‘، ’ونڈلزم‘اور ’دیوار کو خراب کرنا‘قرار دیا ہے۔ جب بی بی سی نے پونے میں قائم ادارے ایف ٹی آئی آئی کی طلبہ یونین کے جنرل سیکریٹری روہت کمار سے رابط کیا تو انہوںنے بتایا کہ ’کل پورے دن کے دھرنے اور بات چیت کے بعد حکام نے نوٹس کو ہولڈ پر رکھ لیا ہے لیکن کہا ہے کہ آئندہ ایسی حرکت ہوئی تو بخشا نہیں جائے گا۔‘ انہوںنے بتایا کہ انتظامیہ نے پہلے کہا کہ صرف اسی وقت ان لوگوں کو جاری کی جانے والی نوٹس واپس لی جائے گی جب وہ تحریری معافی نامہ لکھیں اور دیوار پر بنائی گریفٹی پر سفیدی کریں۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور اس طرح کے نوٹس ان کے اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کی کوشش ہے۔ مقامی اخبار پونے مرر کا کہنا ہے کہ جن دو طلبہ کو سات تاریخ کی شام تک ہاسٹل کا کمرہ خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے ان میں سے ایک کا تعلق انڈیا کی جنوبی ریاست کیرالہ سے ہے جبکہ دوسرے کا تعلق مشرقی ریاست مغربی بنگال سے ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق ان میں سے ایک دیوان جی نے بتایا کہ انھوں نے فیض کی نظم کی ایک سطر لکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نظم نے مجھے کئی سطح پر متاثر کیا ہے اور اس کامقصد کوئی مزاحمت نہیں ہے لیکن انتظامیہ نے اس کا غلط مطلب نکالا اور انھوں نے سمجھا کہ ہم لوگوں نے کینٹین کی تجدید کاری کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ اخبار کے مطابق ادارے کے ڈائریکٹر بھوپیندر کینتھولا نے کہا: 'دو طلبہ نے دھمکی آمیز نعروں کے ساتھ ایف ٹی ٹی آئی کی تازہ تازہ تجدید کاری کی جانے والی کینٹین کی دیوار اور دروازے پر گریفٹی بنائی ہے۔ یہ کام رات کے وقت چوری چھپے کیا گیا ہے۔ ایف ٹی آئی آئی کے گارڈ نے جب ان کو روکا تو وہ رکے نہیں۔۔۔ اور یہ بات ناقابل قبول ہے۔' روہت کمار نے کہا کہ یہ صرف ایف ٹی آئی آئی کی بات نہیں ہے بلکہ ملک میں جہاں کہیں بھی اظہار رائے کی آزادی کا ماحول ہے اسے کم کیا جا رہا اس کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔'

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں