تھائی لینڈ میں تمام بچوں اور ان کے کوچ کو غار سے نکالا گیا

بنکاک/ تھائی لینڈ میں گذشتہ دو ہفتوں سے غار میں پھنسے تمام 12بچوں اور ان کے کوچ کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔ اس طرح سے یہ خطرناک آپریشن پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔ اس بات کا اعلان تھائی لینڈ کی بحریہ کے کمانڈوز کی جانب سے کیا گیا ہے جو اس سارے آپریشن میں شریک رہے۔ جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ غار سے نکالے جانے والے تمام افراد محفوظ ہیں۔ خیال رہے کہ 12بچوں اور ان کے فٹبال کوچ کی یہ ٹیم 23جون کو غار میں پانی بھر جانے کے سبب پھنس گئے تھے۔ گذشتہ ہفتے غوطہ خوروں نے ان کا پتہ چلایا تھا۔ اس سے قبل آٹھ بچوں کو اتوار اور پیر کے روز غار سے نکال لیا گیا تھا جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ تھائی حکام کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو دنوں کے دوران بچائے جانے والے آٹھ بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت اچھی ہے۔ حکام کے مطابق ان آٹھوں بچوں کے خون کے نمونوں کا معائنہ کیا گیا ہے اور ان کا ایکسرے لیا گیا ہے۔ دو بچوں میں پھیپھڑے کی سوزش کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان بچوں کو کم از کم سات دن تک ہسپتال میں زیرمعائنہ رکھا جائے گا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں