افغانستان میں مزید حملے،10ہلاک ، برطانوی فوجیوں کی تعدادمیں اضافہ کا فیصلہ

کابل ،11جولائی ﴿رائٹر﴾افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں مسلح افراد نے بدھ کو محکمہ تعلیم کے دفتر پر حملہ کردیا جس میں 10افراد ہلاک اور 10زخمی ہوگئے ۔جلال آباد میں دوہفتہ سے بھی کم وقفہ میں یہ تیسرابڑا حملہ ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ یکم جولائی کو سکھوں کے ایک گروپ پر ہوئے خودکش حملہ میں 10سے زیادہ لوگ مارے گئے تھے وہیں منگل کو ہوئے حملہ میں کم ازکم12افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ دریں اثنائ افغانستان کی غیر مستحکم سیکورٹی پوزیشن میں مدد کیلئے وہاں فوجیوں، فوجی رسد اور فوجی ساز وسامان میں اضافہ کرنے کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اصرار پر برطانوی حکومت اپنے فوجیوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے ۔ وزیر اعظم ٹریسا مئے نے اس سلسلہ میں اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ افغانستان میں 400مزید فوجی اور بھیجے گا اور افغانستان کی فوج کی مدد کے لئے ان فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 1100تک ہو جائے گی۔ یہ اضافی فوجی ناٹو کی قیادت مشن میں حصہ لیں گے اور افغانی فوجیوں کو تربیت دیں گے ۔ان کی تعیناتی کابل میں ہی ہوگی اور جنگی مہمات میں انہیں شامل نہیں کیا جائے گا۔ مسٹر ٹرمپ نے برطانیہ اور ناٹو کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں مزید فوجی اور فوجی سازو سامان بھیجیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں