انگلینڈ کیخلاف ٹیم انڈیا آج نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرنے اترے گا

نوٹنگھم/یواین آئی﴾ وراٹ کوہلی کی قیادت والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا ہدف جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں فاتحانہ آغاز کے ساتھ ساتھ اس فارمیٹ میں دوبارہ نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرنا ہوگا۔ہندوستانی ٹیم کو ون ڈے میں نمبر ون کی پوزیشن مئی میں انگلینڈ کے ہاتھوں گنوانی پڑی تھی لیکن اگر وہ اس سیریز میں تین ۔صفر سے کلین سویپ کر لیتی ہے تو وہ پھر سے نمبر ون ون ڈے ٹیم بن جائے گی۔ اگرچہ ایک بھی میچ ہارنے پر میزبان ٹیم اپنے چوٹی کے مقام پر برقرار رہے گی ۔اسٹار بلے باز وراٹ کی قیادت والی ٹیم انڈیا کے لئے صرف نمبر ون کی پوزیشن حاصل کرنا ہی اہم نہیں ہوگا بلکہ انگلینڈ کی سوئنگ پچوں پر اپنی تیاری کا جائزہ لینے کابھی بہترین موقع ہوگا جہاں ایک سال بعد آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔ ہندوستان نے ٹوئنٹی 20 سیریز کو دو۔ایک سے اور آئر لینڈ کے خلاف دو۔صفر سے سیریز جیت کر دورے کی اچھی شروعات کی ہے لیکن اصل چیلنج اس کا ابھی تصور کیا جارہا ہے ۔ گیند بازوں کو دیکھیں تو میڈیم تیزگیندباز جسپریت بمراہ انگلی کی چوٹ کی وجہ سے ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہیں جن کی جگہ شاردل ٹھاکر کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ نچلی صف میں ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کے ساتھ ہی گیند بازی میں بھی پانڈیا سے توقع رہے گی جنہوں نے فیصلہ کن ٹوئنٹی 20 میں 38 رن پر سب سے زیادہ چار وکٹ لئے تھے ۔پانڈیا اچھی فارم میں ہیں تو دیگر میڈیم تیزگیندباز سدھارتھ کول نے بھی گزشتہ میچ میں دو وکٹ لئے تھے ۔ اس کے علاوہ گیندبازوں میں اسپنر کلدیپ یادو اور یجویندر کی جوڑی سے انگلش بلے بازوں کو الجھانے اور وکٹ حاصل کرنے کی سب سے زیادہ ذمہ داری رہے گی۔ہندوستان کے پاس تجربہ کار بھونیشور کمار اور امیش یادو کی شکل میں خطرناک گیند بازی جوڑی ہے ۔ دوسری طرف اچھے لائن اپ کے علاوہ ہندوستانی ٹیم کو اس مرتبہ انگلینڈ میں موسم کے حالات کا بھی میزبان ٹیم کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مل سکتا ہے جہاں اس وقت معمول سے زیادہ گرمی کی وجہ سے پچ مزید خشک ہے جس سے موسم گرما سے آنے والی مہمان ٹیم کو فائدہ مل سکتا ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں