پانپور کے مختلف علاقوںکا اچانک محاصرہ سیکورٹی فورسز نے نصف درجن علاقوں کو سیل کرکے لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد کردی

سرینگر/ یو پی آئی /سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد پانپور کے آستان محلہ اور نملہ بل علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جونہی ان علاقوں کو محاصرے میں لیا تو لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ عسکریت پسندوں کی موجودگیکی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پانپور کے آستان محلہ اور نملہ بل علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ چھ بجے کے قریب سیکورٹی فورسز نے ان علاقوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی جس دوران مکینوں سے پوچھ تاچھ کی جار ہی ہے۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ آس پاس علاقوں میں بھی پہرے بٹھا کر لوگوں کو گھروںمیں رہنے کی تلقین کی جار ہی ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پانپور کے کئی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں