پوری قوم شہدائ کی قربانیوں کی امانت دار ہے: گیلانی، کہا موجودہ خونین حالات کیلئے بھارت کی ہٹ دھرمی ذمہ دار

سرینگر/حریت چیرمین ’گ‘سید علی گیلانی نے شہدائ گریز اور رفیع آباد کے علاوہ ہفتہ رفتہ کے جملہ شہدائ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان شہدائ کی عظیم قربانیوں کی امانت دار ہے۔ حریت راہنما نے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جموں کشمیر میں موجودہ خونین حالات کے لیے بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ذمہ دار ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے لوگ سب سے زیادہ امن کے متلاشی ہیں۔ حریت راہنما نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت حقِ خودارادیت کی جائز سیاسی تحریک کو فوجی طاقت کے ذریعے زیر کرنے کی آمرانہ اور غاصبانہ کارروائیوں کے ذریعے یہاں کے یمین ویسار میں قبرستان کی سی خاموشی قائم کرنے کو امن کا نام دینے کی ضد پر اڑا ہوا ہے۔ حریت راہنما نے اس آفاقی اصول کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانی آبادی کو قتل کرنے کے مترادف ہے اور ان ہی اصولوں کی آبیاری کے لیے ریاست جموں کشمیر کے لوگ صرف اور صرف اپنا حق مانگنے میں ایک سیاسی اور جمہوری جدوجہد کو آگے لے جانے میں مصروف عمل ہے۔ حریت راہنما نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عوامی خواہشات کے مطابق حل کرنے میں اپنا آئینی کردار نبھائیں، تاکہ برصغیر میں کسی امکانی ایٹمی جنگ کو روکا جاسکے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں