غزنی میں طالبان اور حکومتی افواج کے درمیان جھڑپیں، 30  جنگجو ہلاک

کابل/ افغان حکام کا کہنا ہے کہ غزنی شہر میں طالبان نے رات گئے حملہ کیا جس میں سکیورٹی فورسز کا ایک اہلکار اور30 طالبان جنگجو مارے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق طالبان نے شہر کے کئی علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا تاہم بعد میں انہیں شہر سے باہر نکال دیا گیا۔ طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کئی مکانات تباہ ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان محمد عارف نوری غزنی نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ طالبان نے جمعرات کی شب غزنی میں چاروں جانب سے حملے کیے، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ عام شہری اور سات حکومتی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ انہوںنے مزید بتایا کہ شہر میں اب بھی فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کے خصوصی دستے بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ غزنی میں طالبان کے حملے کے بعد افغانستان میں موجود امریکی افواج کا کہنا ہے کہ افغان فورسز نے شہر کی تمام اہم اور سرکاری عمارتوں کا قبضہ حاصل کر رکھا ہے۔ادھر طالبان نے بھی غزنی میں کیے گئے حملے کے بارے میں تفصیلات فراہم کی ہیں اور طالبان کی جانب جاری بیان میں اس حملے میں متعدد افغان فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ جنگجو نے شہر کے اہم مقامات پر قبضہ کر لیا ہے اور چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔حالیہ کچھ عرصے میں افغانستان میں طالبان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔ افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ کچھ عرصے سے طالبان اپنی حکمتِ عملی کو تبدیل کرتے ہوئے شہری علاقوں میں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں