امریکا کا روس اور چین پر شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل پروگرام میں مدد کا الزام

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کی مدد کرنے کے الزام پر امریکا نے روس اور چین کی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے چین میں قائم ایک ٹیک فرم، اس کے شمالی کوریائی سربراہ اور ایک روسی سبسڈری پر تازہ پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے شمالی کوریا پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کیمونسٹ ملک میں غیرقانونی فنڈنگ پہنچائی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوشش ہے کہ اقتصادی پابندیوں کو بحال رکھتے ہوئے پیانگ یانگ پر دباو بڑھایا جائے کہ وہ جوہری اور میزائل پروگرام ترک کر دے۔ روس کی کمپنی وولیسز سلور اسٹار اور چین میں قائم کمپنی ینبین سلور اسٹار نیٹ ورک ٹیکنالوجی پر پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ امریکا نے شمالی کوریا کی کمپنی سونگ ہوا جونگ پر بھی پابندیاں لگائی ہیں۔جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان نے کہا کہ شمالی کوریا اپنا ایٹمی پروگرام ختم کرنے پر آمادہ دکھائی دیتا ہے اور دوسری طرف امریکا نے شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا اشارہ دیا ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں