عراقی شہر میں کار بم دھماکا، 6 افراد ہلاک

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ عراق کے شمالی شہر بیجی کے نزدیک ایک کار بم دھماکے میں 6افراد ہلاک اور42زخمی ہوگئے ہیں۔ عراق کی مشترکہ آپریشنز کمان نے ایک بیان میں اس بم دھماکے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ بارود سے بھری کار کو بیجی کے نزدیک شاہراہ پر واقع ایک ریستوراں کے باہر دھماکے سے اڑا یا گیا ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ اس کار بم حملے کا ہدف کیا تھا اور نہ کسی گروپ نے اس بم دھماکے کی ذمے داری قبول کی ہے۔ بیجی دارالحکومت بغداد سے 255 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے 2014ئ میں عراق کے شمالی شہروں پر یلغار کے وقت اس شہر اور یہاں واقع تیل صاف کرنے کے بڑے کارخانے پر بھی قبضہ کر لیا تھا تاہم عراقی فوج نے شدید لڑائی کے بعد 2015ئ میں اس شہر کا کنٹرول واپس لے لیا تھا۔عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے گذشتہ سال دسمبر میں داعش کے خلاف جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا لیکن عراقی فورسز اس جنگجو گروپ کا ابھی تک مکمل خاتمہ نہیں کرسکے ہیں۔اس سے وابستہ جنگجو ماضی میں اپنے زیر قبضہ رہنے والے عراق کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں