ڈانگر پورہ سوپور میں بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن  فورسز نے جگہ جگہ جنریٹر نصب کئے ، ڈرین کیمروں سے نگرانی

سرینگر/یو پی آئی/ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ڈانگر پورہ سوپور گائوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آس پاس علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ جنگجوئوں کی نقل وحرکت کی اطلاع ملنے کے بعد 21آر آر ، ٹاسک فورس نے مشترکہ طورپر سوپور کے ڈانگر پورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق فوج اور پولیس نے آس پاس علاقوں کو بھی سیل کرکے فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے جبکہ اس دوران ڈرون کیمروں سے بھی علاقے کی نگرانی کی جار ہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ گھر گھر تلاشی کے دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے ہیں جبکہ نوجوانوں سے پوچھ تاچھ بھی کی جارہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک طلب کرکے ڈانگر پورہ کے ساتھ ساتھ غوثیہ کالونی کو بھی محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے جگہ جگہ خصوصی جنریٹر نصب کئے ہیں اور رات بھر تلاشی آپریشن جاری رہنے کا امکان ہے۔ دفاعی ذرائع نے ڈانگر پورہ سوپور میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد گائوں کو محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ دفاعی ذرائع کا کہنا تھا کہ آس پاس علاقوں کو سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک ڈانگر پور ہ سوپور میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں