طاہر کے پانچ وکٹوں کی بدولت جنوبی افریقہ کی پہلے ٹی۔20میں فتح

لندن/یو این آئی/ لیگ اسپنر عمران طاہر 23رن پر پانچ وکٹ کی بہترین گیند بازی کی بدولت جنوبی افریقہ نے یہاں بوفالو پارک میں زمبابوے کو 24رن سے ہراکر پہلا ٹی۔20میچ جیت لیا۔جنوبی افریقہ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں چھ وکٹ پر 160رن کا اسکور بنایا جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم 17.2اووروں میں 126رن پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ نے اس جیت سے تین میچوں کی سیریز میں 1۔0کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ میچ میں پانچ وکٹ لینے والے عمران طاہر مین آف دی میچ قرار دیئے گئے ۔طاہر نے پہلے چار اووروں میں نئی گیند سے کھیلتے ہوئے زمبابوے کو تین جھٹکے دیتے ہوئے اس پر دباؤ بنایا ۔ ٹی۔20میں یہ ان کی بہتر کارکردگی بھی ہے ۔ طاہر نے کہا کہ میں نئی گیند سے کافی وقت سے پریکٹس کررہا تھا اور میری کوشش تھی کہ موقع پر ملنے پر میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ انہوں نے اس کے بعد لگاتار دو گیندوں پر مزید دو وکٹ لئے جس سے زمبابوے نے 65رن پر ہی اپنے چھ وکٹ گنوا دیئے ۔زمبابوے کی اننگز میں صرف پیٹر مور 44رن کی ہمت افزا اننگز کھیل سکے ۔ انہوں نے لیفٹ آرم اسپنر تبریز شمسی کی چار لگاتار گیندوں پر چھکے لگائے اور برینڈن ماووتا 28کیساتھ آٹھویں وکٹ کیلئے 53رن کی شراکت داری کرکے زمبابوے کی امیدیں برقرار رکھیں۔ مور نے اپنی 21گیندوں پر ایک چوکا اور پانچ چھکے لگائے جبکہ ماووتا نے 14گیندوں کی اننگز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے ۔جنوبی افریقہ کی اننگز میں نئے کھلاڑی راسی وین ڈیر ڈوسین نے 56رن کی نصف سنچری والی اننگز کھیلی۔ کپتان فاف ڈو پلیسس نے 34اور ڈیوڈ ملر نے 39رن کی اننگز کھیلی۔ زمبابوے کیلئے کائل جاروِس نے 37رن پر تین وکٹ اور کرس ایم موف نے 24رن پر دو وکٹ لئے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں