دبئی ٹیسٹ: ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے تین وکٹ پر 136رن بنائے میچ جیتنے کیلئے کنگروز کو مزید 326رن درکار ہیں جبکہ ابھی سات کھلاڑی آئوٹ ہونا باقی ہیں

دبئی /دبئی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے دیے گئے ہدف 462 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا نے کل دن کے کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر 136رن بنائے اوراسے میچ میں فتح یاب ہونے کیلئے مزید 326رن درکار ہیں جبکہ اس کے سات کھلاڑی ابھی آئوٹ ہونا باقی ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے کیا، دونوں اوپنرز نے 87 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد ایرون فنچ 49 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایرون فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد شان مارش اور مشل مارش بھی بغیر کھاتہ کھولے پویلین چلتے بنے، اس وقت وکٹ پر ٹراوس ہیڈ اور عثمان خواجہ موجود ہیں۔
گزشتہ روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر45 رنز بنائے تھے تاہم کل جب کھیل شروع ہوا 65 رنز کے اضافے کے بعد امام الحق 48 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد حارث سہیل بھی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اسد شفیق اور بابر اعظم نے 71 رنز کی شراکت قائم کی، اسد شفیق نے 41 اور بابر اعظم نے 28 رنز بنائے۔ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں اوپنرز نے 142 رنز کا آغاز فراہم کیا، عثمان خواجہ نے 85 اور ایرون فنچ نے 62 رنز بنائے تاہم اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے بلال آصف نے صرف 36 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔اس وقت وکٹ پر عثمان خواجہ 50اورٹراوس ہیڈ 34رن پر کھیل رہے ہیں ۔آج میچ کا آخری دن ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں