پٹنہ میں پولیس کا پولیس کیخلاف احتجاج  آفیسروں کو پیٹا گیا، گاڑیوں کی توڑ پھوڑ

پٹنہ/ بہار کے شہر پٹنہ میں ایک خاتون پولیس کانسٹیبل کی موت پر طیش میں آکر سینکڑوں پولیس اہلکاروں نے پولیس انتظامیہ اور سینئر آفیسروں کیخلاف احتجاج کیا جبکہ کئی آفیسروں کو پیٹا گیا اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پٹنہ پولیس لائنز میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سویتا پاٹھک نامی ایک خاتون پولیس کانسٹیبل کی ڈینگو بیماری کی وجہ سے موت ہوئی ہے۔ احتجاجی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کانسٹیبل نے اپنے سینئر پولیس اہلکاروں سے علاج کرنے کی غرض سے کئی مرتبہ درخواست دی لیکن اس کی درخواست کو مختلف بہانے کرکے ٹال دیا گیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اس کی موت واقع ہوگئی۔ اس کی موت کی خبر سنتے ہی سینکڑوں پولیس اہلکارو سیخ پا ہوئے اور احتجاج کیا۔ اس موقع پر کئی سینئر آفسیروں کو پیٹا گیا جو احتجاج کرنیوالے اہلکاروں کو پرامن رہنے کی اپیل کرنے گئے تھے۔کئی گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے علاوہ پتھرائو کیا اور عمارتوں کی کھڑکیاں توڑ دی گئیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں