جے ٹی نامگیال ترقیاتی کونسل لیہہ کے نئے چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ بھارتیہ جنتا پارٹی ﴿بی جے پی﴾ کے نوجوان لیڈر جے ٹی نامگیال لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے نئے چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب ہوگئے ہیں۔ جی پی وانگیال ان کے نائب منتخب ہوگئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ جمعہ کو یہاں ایک تقریب میں بی جے پی لیڈر جے ٹی نامگیال کو بلامقابلہ ترقیاتی کونسل لیہہ کا نیا چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب کرلیا گیا ۔ انہوں نے بتایا ’چیف ایگزیکٹو کونسلر اور ڈپٹی چیف ایگزیکٹو کونسلر کے عہدوں کے لئے انتخابات کونسل سکریٹریٹ میں منعقد ہوئے جن میں نامگیال اور وانگیال کو بالتربیت سی ای سی اور ڈپٹی سی ای سی منتخب کیا گیا۔ یہ دونوں بلامقابلہ منتخب ہوئے‘۔ نامگیال سنہ 2015 میں معرض وجود میں آنے والی ترقیاتی کونسل لیہہ کے تیسرے چیف ایگزیکٹو کونسلر بن گئے ہیں۔ بی جے پی ریاستی صدر رویندر رینہ جو کہ خطہ لداخ کے دورے پر ہیں، نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ’دلی مبارکباد۔ نوجوان، متحرک اور دیانتدار بی جے پی لیڈر جے ٹی نامگیال لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر منتخب ہوگئے ہیں‘۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ دورجے موٹپ نے 28 اکتوبر کو ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر کے عہدے سے استعفیٰ دیا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی صدر ست پال شرما نے کہا تھا کہ مسٹر دورجے نے صحت کی وجوہات سے استعفیٰ دیا ہے۔ تاہم دورجے موٹپ کا استعفیٰ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک ہار کے محض آٹھ روز بعد سامنے آیا تھا ۔ بتادیں کہ ریاست میں حالیہ بلدیاتی انتظامات میں بی جے پی کو خطہ لداخ میں زبردست جھٹکا لگا اور پارٹی 26 بلدیاتی حلقوں میں سے ایک بھی حلقہ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی ۔ کانگریس نے لیہہ میونسپل کمیٹی میں بی جے پی کو وائٹ واش کرتے ہوئے سبھی 13 بلدیاتی حلقے جیتے۔ پارٹی ﴿کانگریس﴾ نے کرگل میونسپل کمیٹی کے 13 میں سے پانچ حلقوںپر کامیابی حاصل کی جبکہ باقی آٹھ حلقے آزاد امیدواروں کے کھاتے میں چلے گئے ۔ سنہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی نے لداخ پارلیمانی حلقہ انتخاب سے جیت درج کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ اس کے علاوہ سنہ 2015 میں ہوئے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات میں بڑی جیت درج کرکے کونسل تشکیل دی تھی۔ دورجے موٹپ کو رواں برس فروری میں ڈاکٹر سونم دوا لومپو کی رحلت کے بعد چیف ایگزیکٹو کونسلر کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر سونم دوا کی 29 جنوری کو دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی تھی۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں