پاکستان میں تمباکو اور مشروبات پر اضافی ٹیکس لگانے کا اعلان

اسلام آباد﴿یو این آئی﴾ حکومت پاکستان جلد ہی تمباکو اور سافٹ ڈرنکس مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگانے پر غور کر رہی ہے ۔سول سوسائٹی کی جانب سے مسلسل آواز اٹھانے پر وفاقی وزیر برائے صحت عامر محمود کیانی نے اعلان کیا ہے کہ سگریٹ اور چینی سے تیار مشروبات پر جلد ‘سن ٹیکس’ ﴿یا گناہ ٹیکس﴾ عائد کیا جائے گا۔‘ڈان’ کی رپورٹ کے مطابق ہیلتھ سروس اکیڈمی میں صحت عامہ کے حوالہ سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ﴿پی ٹی آئی﴾ کی حکومت بجٹ میں صحت کے لیے مختص رقم کو مجموعی ملکی پیداوار ﴿جی ڈی پی﴾ کا 5فیصد کرنے کے لیے پر عزم ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت بجٹ میں اضافے کے لیے متعدد ذرائع استعمال کئے جائیں گے ، جس میں سے ایک تمباکو سے تیار چیزوں اور میٹھے مشروبات پر ‘سن ٹیکس’ عائد کرنا بھی ہے جس سے حاصل ہونے والی آمدنی صحت کے بجٹ میں استعمال کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ فی الحال حکومت جی ڈی پی کا محض 0.6فیصد صحت پر خرچ کررہی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی صحت کو نقصان پہنچانے والی چیزوں پر ‘سن ٹیکس’ لگانے کی تجویز متعدد مرتبہ دی جاچکی ہے تاکہ حکومت کو صحت کی مد میں ہونے والے اخراجات میں معاونت مل سکے ۔
اس بارے میں وزارت صحت کے ڈائرکٹر جنرل ڈاکٹر اسد حفیظ کا کہنا تھا کہ 45کے قریب ممالک میں تمباکو اور چینی سے تیار مشروبات پر ٹیکس لیا جاتا ہے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں