ہم اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہیں: گورنر ستیہ پال ملک

سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾  گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ ریاستی گورنر انتظامیہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جب چاہیں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرسکتا ہے۔ گورنر موصوف جمعہ کو یہاں نو منتخب سرپنچوں کی ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا 'اسمبلی انتخابات کی تاریخیں الیکشن کمیشن طے کرے گا۔ ہم انتخابات کرانے کے لئے تیار ہیں۔ ہم انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں'۔ گورنر ستیہ پال نے اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے سارے مسئلوں کا حل نوجوانوں کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا 'کشمیر کا مسئلہ 13 سے 30 سال کے نوجوانوں کے درمیان ہے۔ ان کے پاس شام کے بعد کرنے کو کچھ نہیں ہوتا ہے۔ سنیما نہیں ہے۔ باہر جانے کی جگہ نہیں ہے۔ ابھی میں نے ایک سنیما گھر کی سنگ بنیاد رکھوائی'۔ گورنر موصوف نے سرپنچوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ وہ ان سے پیشگی اطلاع کے بغیر بھی ملنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا 'اگر کوئی سرپنچ پیشگی اطلاع کے بغیر مجھ سے ملنے آئے گا تو میں اس سے ضرور ملوں گا۔ میں افسروں سے بھی کہوں گا کہ وہ سرپنچوں کے ساتھ احترام سے پیش آئیں۔ اور سرپنچوں کو یہ مانا جائے کہ وہ لوگوں کے چنے ہوئے نمائندے ہیں'۔ انہوں نے کہا 'آپ کے فنڈز بہت جلد واگزار کئے جائیں گے۔ اسکیموں کی عمل آوری کے دوران آپ سے صلح مشورہ کیا جائے گا'۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں