سوشل میڈیا کے ذریعے منفی پروپگنڈا پھیلانے والے افوابازوں کا شکنجہ کسنے کی تیاری

 سرینگر//﴿آفتاب ویب ڈیسک ﴾ افواہ بازوں کی طرف سے پھیلائے جانے والے منفی پروپگنڈے اور جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے جموں کشمیر پولیس خصوصی لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لائے گی۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہواہے کہ جموں کشمیر پولیس افواہ بازوں کی طرف سے پھیلائے جانے والے منفی پروپگنڈے اور جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے خصوصی لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لائے گی تاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کئے جارہے مواد کو بھی مانیٹر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا عصر حاضر کے منظر نامے میں فائدہ بخش بھی ہے اور ضرررساں بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض شر پسند عناصر اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل اور انتقام گیری کیلئے سوشل میڈیا کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سماج دشمن عناصر کا شکنجہ کسنے کیلئے اور ان کی طرف سے پھیلائے جارہے منفی مواد کی روک تھام کیلئے پولیس خصوصی لیبارٹریوں کا قیام عمل میں لائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جو شخص بھی سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد اپ لوڈ کرے گا یا منفی پروپگنڈے کی تشہیر کرے گا تو مانیٹرنگ افسر اس کو فوری طور پکڑ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیبارٹریاں پولیس کے سائبر مانیٹرنگ سیل سے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان لیبارٹریوں میں انہی افسروں کو تعینات کیا جائے گاجو جدید ٹکنالوجی کے اسرار و رموزسے واقف اوراس کے علم سے بہرہ ور ہوں اور جو جدید کمپوٹر کے آلات کے استعمال کرنے میں مہارت رکھتے ہوں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں