مودی ممتا سے کشیدگی کے درمیان بنگال سمیت پانچ ریاستوں کے دورے پر

نئی دہلی﴿یو این آئی﴾ مرکزی تفتیشی بیورو ﴿سی بی آئی﴾ کی کارروائی کے سلسلے میں ترنمول کانگریس کے سربراہ اور وزیر اعلی ممتا بنرجی حکومت کے ساتھ کشیدگی کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی مغربی بنگال کے جلپائی گوڑي علاقے کے چورابھنڈار میں جمعہ کو ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ یہ ایک ہفتے میں ریاست میں مسٹر مودی کی تیسری ریلی ہوگی۔ مسٹر مودی اپنے دو دنوں کے انتہائی مصروف شیڈول کے تحت بنگال کے علاوہ چھتیس گڑھ، آسام، اروناچل پردیش اور تریپورہ میں بھی مختلف پروگراموں میں شامل ہوں گے ۔ مسٹر مودی نے جمعہ کی صبح ٹویٹ کیا، ‘‘مغربی بنگال کے لوگوں کو احساس ہے کہ صرف بھارتیہ جنتا پارٹی ﴿بی جے پی﴾ ہی ان کے خواب اور خواہشات کو پورا کر سکتی ہے ’’۔ انہوں نے لکھا، ‘‘جلپائي گو ڑي میں آج مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ان سے مغربی بنگال کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا ۔ وزیر اعظم نے لکھا، ’’آج اور کل، میں چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، آسام، اروناچل پردیش اور تریپورہ میں پروگراموں میں شامل ہوں گا۔ ان ریاستوں کے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنے کی امید ہے ‘‘۔ مسٹر مودی جلپائي گوڑي میں نئے ہائی کورٹ سرکٹ بینچ کا بھی افتتاح کریں گے ۔ جلپائي گوڑي میں کلکتہ ہائی کورٹ کی سرکٹ بینچ شمالی بنگال کے دارجلنگ، کالمپونگ، جلپائي گوڑي اور کوچ بہار کے لوگوں کو فوری طور پر انصاف فراہم کرے گی۔ جلپائي گوڑي میں ہائی کورٹ سرکٹ بینچ قائم کرنے کا فیصلہ بدھ کی شام یہاں کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں