سرینگر میں سعودی کونسلر سروس کی فراہمی اورجدہ کےلئے راست پروازیںچلانے کا مطالبہ  حج اینڈ عمرہ کمپنیز آپریٹرس ایسوسی ایشن کی سالانہ میٹنگ میں عازمین حج و عمرہ کے مسائل کا جائزہ لیا گیا

سرینگر// جموں کشمیر حج اینڈ عمرہ کمپنیز آپریٹرس ایسوسی ایشن نے مرکزی وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی حکام کو سرینگر میں عازمین حج و عمر ہ کے لئے سرینگر میں کونسلر سروس فراہم کرنے پر آمادہ کریں اور ساتھ ہی  ایسوسی ایشن نے ایویشن منسٹری سے اپیل کی ہے کہ سرینگر سے جدہ اور واپس جدہ سے سرینگر کے لئے راست پروازیں یقینی بنائی جائیں۔ اس ضمن میں آج ایسوسی ایشن کی سالانہ میٹنگ کے اختتام پر ایسوسی ایشن کے صدر شیخ فیروز نے ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہر سال عمرہ پر جانے والوں لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب سالانہ عمر ہ کے لئے جانے والوں کی تعداد تیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائول ایجنسیز اور کمپنیز کو اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے لئے ویزا حاصل کرنے کے لئے دلی جانا پڑتا ہے ۔ اس ضمن میں پہلے یہ اڑچن تھی ، کہ ہمارے یہاں کوئی ویزا فراہم کرانے والی کوئی منظور شدہ ایجنٹ کمپنی نہیں تھی ۔ لیکن اب ہمارے پاس سعودی حکومت کے کئی منظورہ شدہ ویزا ایجنٹ ہیں اسلئے یہ بات ممکن ہے کہ سعودی حکومت سرینگر میں کونسلر سروس فراہم کرسکے تاکہ عازمین حج و عمرہ کو یہاں ہی ویزے فراہم ہوں۔ شیخ فیروز نے اس ضمن میں وزارت خارجہ سے اپیل کی کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے سعودی حکومت کو سرینگر میں کونسلرس سروس فراہم کرنے پر آمادہ کریں۔ انہوں نے شہری ہوا بازی کی وزارت سے بھی اپیل کی ہے کہ سرینگر سے جدہ اور واپسی کے لئے براہ راست پروازیں یقینی بنائی جائیں۔ شیخ فیروز کا کہنا ہے کہ راست پروازوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے ترائول ایجنسیز اور کمپنیوں کو عمر اور حج پر جانے والے ہزاروں لوگوں کو جاتے اور واپسی پر دلی میں ٹھہرانا پڑتا ہے اور ان کے لئے رہائش کے انتظامات کرنے پڑتے ہیں۔ شیخ فیروز کا کہنا تھا اس صورتحال میں جب کبھی موسم کی خرابی کی وجہ سے فلائٹس کینسل ہوجاتی ہیں تو مسافروں کی رہائش کا انتظام کرنا اور بھی زیادہ مشکل ہوجاتا ہے ۔ جبکہ ایسے غیر متوقع حالات میں اضافی خدمات فراہم کرنے کی انہیں کوئی اجرت نہیں ملتی ہے بلکہ انہیں بھاری نقصانات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرما کے دوران اس طرح کی صورت حال کے نتیجے میں ٹرائول ایجنسیز اور کمپنیز کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ جموں کشمیر حج اینڈ عمرہ کمپنیز آپریٹرس ایسوسی ایشن کی سالانہ میٹنگ میں ایسو سی ایشن سے متعلق جو کئی اہم فیصلے لئے گئے ، اُن میں شیخ فیروز کو مسلسل صدر کے عہدے پر فائز رکھنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں