انکم ٹیکس محکمہ کارروائیوں میں غیرجانبداری اور چوکسی برتے :کمیشن

نئی د ہلی/ لوک سبھا انتخابات کے دوران حال میں کئی ریاستوں میں انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے منگل کو ریونیو سکریٹری اے بی پانڈے اور سنٹرل ڈائرکٹ ٹیکس بورڈ کے صدر پی سی مودی کو ایسی کارروائیوں میں غیرجانبداری اور نہایت چوکسی برتنے کی صلاح دی ہے تاکہ عوام میں کسی طرح کی تفریق کا پیغام نہ جائے ۔کمیشن نے ان دونوں افسران کو طلب کرکے آج یہ صلاح دی۔ چیف الیکشن کمیشنر سنیل اروڑہ کے ساتھ ان حکام کی میٹنگ میں چھاپے اور دیگر محکمہ جاتی کارروائیوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ کمیشن نے واضح کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں میں سات مئی کو اس کی طرف سے جاری ہدایت پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے تاکہ کوئی ان پر کوئی آنچ نہ آئے ۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ہراساں اور بدنام کرنے کے لئے اس طرح کی کارروائی کی ہے تاکہ لوک سبھا انتخابات کے دوران اپوزیشن کو بدعنوانی میں ملوث بتایا جائے ۔کمیشن یہ واضح پیغام دینا چاہتا ہے کہ متعلقہ محکمہ اس طرح کی کارروائیوں میں پوری طرح غیرجانبداری برتے تاکہ اپوزیشن کو ایسے الزامات لگانے کا موقع نہ مل سکے ۔ ذرائع کے مطابق ان حکام نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے محکمہ نے جو بھی اقدام کئے ہیں وہ پوری طرح سے منصفانہ ہیں اور انہوں نے کسی دباو کی وجہ سے یہ قدم نہیں اٹھائے ہیں۔ اس کے علاوہ پوری کارروائی میں ضابطوں پر عمل کیا گیا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گروگرام ، نوئیڈا ، بھوپال اور گوا سمیت 50مقامات پر انکم ٹیکس کے چھاپے مارے گئے جن میں 281کروڑ روپے کے غیرقانونی لین دین کا پتہ چلا اور تقریباََ 16کروڑ روپے نقد ضبط کئے گئے تھے ۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں