واٹس ایپ پر حملے میں اسرائیلی سافٹ ویئر استعمال ہوا

سرینگر/ مانٹرنگ/ 14مئی/ واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ ہیکرز نے واٹس ایپ کی سکیورٹی میں پائی جانے والی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ صارفین کے موبائل فونز اور دیگر ڈیوائسز تک رسائی حاصل کر کے ان میں نگرانی کے سافٹ ویئر انسٹال کیے۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس کے نظام میں ایک بڑی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے خلاف سائبر حملہ کیا گیا اور کچھ ’مخصوص صارفین‘ کو نشانہ بنایا گیا۔ واٹس ایپ کے مطابق انہوں نے اپنے نظام میں آنے والی یہ خرابی جمعے کو دور کر دی تھی۔ اخبار فائنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایک اسرائیلی سکیورٹی فرم این ایس او گروپ کی جانب سے بنائے گئے سافٹ ویئر سے کیا گیا ہے۔ واٹس ایپ نے اپنے ڈیڑھ ارب صارفین سے احتیاطاً اپنی ایپس اپ ڈیٹ کرنے کو کہا۔ اس حملے کے بارے میں پہلے اس ماہ کے شروع میں پتا چلا تھا۔ فائنینشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ہیکرز نے واٹس ایپ کی وائس کال سروس کو استعمال کرتے ہوئے آلات کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کے نتیجے میں کال نہ بھی اٹھائی جائے تو بھی سافٹ ویئر انسٹال ہو جائے گا اور فون سے اس کال کا ریکارڈ بھی غائب ہو جائے گا۔ واٹس ایپ نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کی سکیورٹی ٹیم نے پہلے اس خامی کی شناخت کی جس کے بعد یہ معلومات انسانی حقوق کی تنظیموں، چند سکیورٹی فرموں اور امریکی محکمہ داخلہ کو بھی دی گئیں۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں