آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل کرکٹروں کیلئے خصوصی الرٹ جاری- پہلی بار ہر ٹیم کے ساتھ اینٹی کرپشن افسر لگانے کا فیصلہ

دبئی/یو این آئی/انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ورلڈ کپ کے موقع پر ایک بار پھر کرکٹرز کو میچ فکسنگ نقصانات سے یاددہانی کرا دی گئی ہے ۔اس سلسلہ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ سے قبل کرکٹروں کیلئے خصوصی الرٹ جاری کردیا۔اس کے ساتھ ہی ان پر یہ بھی واضح کردیاگیاکہ وہ اس حوالہ سے پوری طرح چوکنا ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے حال ہی میں سری لنکا کے تین آفیشلز کے خلاف کرپشن چارجز عائد کرنے کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ وہ کرپشن کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے ۔اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے پہلے سابق پلیئر و کوچ نووان زوئیسا اور اویشکا گوناوردنے کو مختلف چارجز کا 14 روز کے اندر جواب دینے کو کہا گیا اور ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ نیشنل ٹیم کے پرفارمنس اینالسٹ سنتھ جے سندرا کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا، وہ بھی پہلے سے ہی کرپشن چارجز کی وجہ سے معطل ہیں، ان پر مختلف الزامات ہیں، ان میں وزیر کھیل ہیرن فرنانڈو کو رشوت کی پیشکش بھی شامل ہے ۔رواں برس فروری میں سری لنکا کے ورلڈ کپ فاتح پلیئر سنتھ جے سوریہ پراینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی اور تفتیش کاروں سے تعاون نہ کرنے پر 2 برس کی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ آئی سی سی کی جانب سے میگا ایونٹ میں شریک تمام پلیئرز پر واضح کردیا گیا ہے کہ وہ مشکوک افراد سے خبردار رہیں اور کسی بھی غلط سرگرمی کی فوری طور پر رپورٹ کریں۔ادھردنیا بھر میں کرکٹ کرپشن کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لئے پہلی بار ورلڈ کپ میں ہر ٹیم کے ساتھ الگ الگ اینٹی کرپشن افسر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئی سی سی کا دعویٰ ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں 30مئی سے ہونے والا ورلڈ کپ کرپشن فری ہوگا۔منگل کوانٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کو کرپشن سے بچانے کے لئے ہر ٹیم کے ساتھ الگ الگ اینٹی کر پشن افسر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ ماضی میں اپنے سسٹم کے تحت کام کرتا تھا لیکن اب اینٹی کرپشن افسر لگانے کا مقصد کھلاڑیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔بر طانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کا ورلڈ کپ میں ہر ٹیم کے ساتھ انٹی کرپشن افیسر لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔اینٹی کرپشن افیسر ٹیم کے ساتھ ہوٹل ، گرائونڈ ،بس ،ٹریننگ اور میچز کے دوران موجود ہوں گے۔ان افسروں کی تقرری ورلڈ کپ کے تمام میچز کے علاوہ وارم اپ میچز میں بھی ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔اس سے قبل ائی سی سی وینیو ٹو وینیو افیشنل تعینات کرتا تھا۔

مزید دیکهے

متعلقہ خبریں